بیوی سے 22 ہزار روپے کا سوٹ خریدنے پر جھگڑا، شوہر نے بینک سے رقم نکال کر 500 کے نوٹوں کو آگ لگادی
جے پور، 22 نومبر (اردو لیکس ڈیسک) راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں بیوی سے سوٹ کی خریداری پر جھگڑے کے بعد شوہر نے غصے میں آکر 500 روپے کے نوٹوں کو آگ لگادی۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق منجیت دھاکڑ نامی شخص کے لیے اس کی بیوی نے 22 ہزار روپے خرچ کرکے ایک سوٹ خریدا تھا۔ جب شوہر کو اس بات کا علم ہوا تو اس نے بیوی سے سوال کیا کہ سوٹ پر اتنی بڑی رقم خرچ کرنے کی کیا ضرورت تھی؟ اس نے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ گھر خریدنے کے لیے پیسے جمع کررہا ہے، جبکہ بیوی غیر ضروری طور پر رقم خرچ کررہی ہے۔
اس بات پر دونوں کے درمیان بحث ہوگئی اور شوہر کے رویے سے دلبرداشتہ ہوکر بیوی اپنے میکے چلی گئی۔ اس کے بعد منجیت نے غصے میں کہا کہ جب پیسوں کی وجہ سے ہی ان دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا ہے تو وہ ان پیسوں کو ہی جلا دے گا۔
بتایا جاتا ہے کہ اس نے اپنی اس بات پر عمل کرتے ہوئے بینک میں جمع رقم نکالی اور 500 روپے کے نوٹوں کو آگ لگادی۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مختلف تبصرے کئے جارہے ہیں۔ تاہم جلائی گئی رقم کی مجموعی مقدار کے بارے میں تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔



