آندھرپردیش کے کدری میں ایک مکان میں خوفناک دھماکہ – 5 افراد ہلاک 20 زخمی
آندھرا پردیش کے ستیہ سائی ضلع میں ایک انتہائی خوفناک اور دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا، جہاں کدری منڈل کے کمرواں پلّی گاؤں میں ایک رہائشی مکان میں ذخیرہ کیے گئے ڈیٹونیٹرز اور گیس سلنڈرز اچانک زور دار دھماکے سے پھٹ پڑے، جس سے پورا علاقہ لرز اٹھا۔
اس ہولناک واقعے میں کم از کم 5 افراد جاں بحق جبکہ 20 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں 12 افراد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ مکان پل بھر میں ملبے کا ڈھیر بن گیا اور آس پاس کے گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔ دھماکے کے بعد علاقے میں چیخ و پکار مچ گئی اور لوگ خوف و ہراس میں گھروں سے باہر نکل آئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق مکان میں غیر قانونی طور پر ڈیٹونیٹرز، امونیم سلفیٹ اور دیگر آتش گیر مواد ذخیرہ کیا گیا تھا، جو اچانک پھٹنے سے یہ سانحہ پیش آیا۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پہلے ڈیٹونیٹرز پھٹے، جس کے بعد گیس سلنڈرز میں آگ لگنے سے یکے بعد دیگرے دھماکے ہوئے۔
اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ، پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں تیز کر دی گئیں۔ حکام نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید حادثات سے بچاؤ کے اقدامات بھی کیے ہیں۔
ریاستی وزیر ستیہ کمار نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ضلع انتظامیہ سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ پولیس نے کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔



