سونے کی قیمت کو پھر پر لگ گئے، فی 10 گرام قیمت ڈیڑھ لاکھ روپے سے تجاوز کر گئی

نئی دہلی: سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ حالیہ دنوں میں کمی کے بعد سونے کی قیمتیں اچانک تیزی سے بڑھ گئی ہیں اور بین الاقوامی مارکیٹ کے رجحان کے مطابق فی 10 گرام خالص سونے کی قیمت دوبارہ ایک لاکھ 50 ہزار روپے کی سطح سے تجاوز کر گئی ہے۔
صرف ایک ہی دن میں 10 گرام خالص سونے کی قیمت میں 3,300 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ چاندی بھی 5 ہزار روپے فی کلو مہنگی ہو کر 2 لاکھ 45 ہزار روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔ملک کے دارالحکومت نئی دہلی کی بلین مارکیٹ میں جمعرات کو 10 گرام سونے کی قیمت 1,47,500 روپے تھی جو آج بڑھ کر 1,50,800 روپے ہو گئی۔ اسی طرح چاندی کی قیمت 2 لاکھ 40 ہزار روپے سے بڑھ کر 2 لاکھ 45 ہزار روپے فی کلو تک جا پہنچی۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ فی اونس سونا ایک ہی دن میں 57 ڈالر مہنگا ہو کر 4,181 ڈالر تک پہنچ گیا، جبکہ چاندی کی قیمت میں 2.44 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 62.45 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ کر رہی ہے۔حال ہی میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں تقریباً 10 فیصد تک کمی دیکھی گئی تھی، جس کے باعث کئی سرمایہ کاروں نے مزید گراوٹ کے خدشے کے پیش نظر اپنا سونا فروخت کر دیا تھا۔
تاہم بین الاقوامی سطح پر ہونے والی حالیہ معاشی پیش رفت نے ایک بار پھر سونے کی مانگ میں اضافہ کر دیا ہے۔ماہرین کے مطابق امریکہ میں شرحِ سود میں اضافے کے خدشات کم ہونے اور امریکی ڈالر کی قدر میں کمی آنے سے سونے کی قیمتوں کو سہارا ملا ہے۔ اس کے علاوہ امریکہ سے جاری ہونے والے نان فارم پے رول کے اعداد و شمار توقعات سے کم رہے جبکہ فیڈرل ریزرو کے چیئرمین کیون وارش کے مہنگائی میں کمی سے متعلق اشاروں نے بھی شرحِ سود میں اضافے کے خدشات کو کم کر دیا
جس کے نتیجے میں سونے کی قیمتوں میں دوبارہ تیزی آ گئی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ 8 جولائی کو جاری ہونے والے فیڈرل ریزرو کے اجلاس کے منٹس آئندہ دنوں میں سونے کی قیمتوں کی سمت کا تعین کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔




