جرائم و حادثات

اسپا سنٹرس سے پکڑی گئی 5 لڑکیاں باز آبادکاری مرکز سے فرار، آندھرا پردیش میں واقعہ

حیدرآباد: ریاست آندھرا پردیش کے وشاکھاپٹنم میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جہاں ایک اسپا سینٹر سے بازیاب کی گئی پانچ نوجوان لڑکیوں کو ویمن ویلفیئر ہاسٹل منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ کھڑکی کی سلاخیں کاٹ کر وہاں سے فرار ہوگئیں۔

 

حکام نے حال ہی میں شہر کے ایک اسپا سینٹر سے پانچ لڑکیوں کو بازیاب کیا تھا۔ بعد ازاں انہیں وشاکھاپٹنم کے ویمن ویلفیئر ہاسٹل منتقل کرکے وہاں رکھا گیا تھا۔اطلاعات کے مطابق ہاسٹل سے باہر جانے کا راستہ نہ ہونے کے باعث خواتین نے دیوار میں لگی کھڑکی کی گرِل کی سلاخیں کاٹ دیں اور کھڑکی سے چھلانگ لگا کر فرار ہوگئیں۔

 

فرار ہونے والی پانچ خواتین میں سے دو کا تعلق بنگلہ دیش سے بتایا گیا ہے جبکہ دیگر دو کا تعلق اتر پردیش اور ایک کا مغربی بنگال سے بتایا گیا ہے۔فی الحال پولیس ان کی تلاش کر رہی ہے۔ ہاسٹل کے اطراف سی سی ٹی وی کیمرے موجود نہ ہونے کے باعث پولیس کو خواتین کا سراغ لگانے میں دشواری پیش آ رہی ہے۔

 

دوسری جانب پولیس کو یہ شبہ بھی ہے کہ کھڑکی کی گرِل کاٹ کر ہٹانے اور ہاسٹل سے فرار ہونے میں خواتین کی کسی بیرونی شخص نے مدد تو نہیں کی۔ پولیس اس پہلو سے بھی تحقیقات کر رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button