جرائم و حادثات

دعوت کھائی اور رات کو میزبان کے گھر ہی ہاتھ صاف کردیا۔ حیدرآباد میں 2 چور پکڑے گئے

حیدرآباد: جس شخص کی دعوت میں شرکت کی اسی گھر میں رات کو چوری کرنے والے دو نوجوانوں کو حیدرآباد کی عطا پور پولیس نے گرفتارکرلیا۔

 

عطاءپور میں ایک تاجر نے اپنے پڑوس میں رہنے والے دو نوجوانوں کو دعوت دی تھی لیکن انھیں کیا معلوم تھا کہ دعوت میں آنے والے یہی نوجوان رات کو اس کے گھر کو نشانہ بنائیں گے۔ پولیس کے مطابق دونوں نے میزبان تاجر کے گھر میں بڑی رقم موجود ہونے کی معلومات حاصل کیں

 

اور تقریب میں شرکت کھانے کے چند گھنٹے بعد گھر میں داخل ہوکر 23 لاکھ روپے نقد اور سونے کے زیورات چوری کرلئے۔ عطاءپور پولیس اور ٹاسک فورس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمین کو گرفتار کرلیا۔

 

گرفتار ملزمین کی شناخت محمد عثمان (28) اور سید انور (20) کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں راجندر نگر، عطاءپور کے حسن نگر علاقے کے رہنے والے اور تاجر پیشہ سید حامد کے پڑوسی بتائے گئے ہیں۔پولیس کے مطابق سید حامد نے 25 ستمبر کو اپنے بچوں کی تقریب این آر فنکشن ہال میں منعقد کی تھی اور دونوں پڑوسیوں کو بھی دعوت دی تھی۔

 

تقریب میں شرکت کے بعد دونوں نے اسی رات ان کے گھر میں چوری کرنے کا فیصلہ کیا۔محمد عثمان کو پہلے سے معلوم تھا کہ سید حامد کے گھر میں اکثر بڑی رقم رہتی ہے۔ اس نے یہ بات سید انور کو بتائی اور دونوں نے مل کر چوری کا منصوبہ بنایا۔25 اور 26 ستمبر کی درمیانی شب دونوں ملزمین جب تاجر فنکشن ہا میں موجود تھا دعوت میں شرکت کے بعد تاجر کے گھر پہنچے۔

 

سید انور چھت پر کھڑے ہوکر نگرانی کرتا رہا جبکہ محمد عثمان ہتھوڑے اور اسکریو ڈرائیور کے ساتھ گھر میں داخل ہوا۔ اس نے بیڈروم کے دروازوں کے تالے اور الماری توڑ کر 23 لاکھ روپے نقد، تقریباً 5 تولے وزنی سونے کا نیکلس، چین اور بالیاں چوری کرلیں اور دونوں وہاں سے فرار ہوگئے۔

 

شکایت کے بعد عطاءپور پولیس اور ٹاسک فورس نے تحقیقات شروع کیں اور ملزمین کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے 8.50 لاکھ روپے نقد، دو موبائل فون، ایک ہتھوڑا اور ایک اسکریو ڈرائیور برآمد کیا۔ چوری کیے گئے زیورات سمیت مجموعی مالیت تقریباً 24 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button