حیدرآباد میں جعلی فارم-7 کے ذریعہ ووٹ حذف کرنے کی کوشش، بی جے پی بوتھ ایجنٹ کے خلاف مقدمہ
حیدرآباد: تلنگانہ میں ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی (SIR) کے دوران ووٹوں کے حذف کیے جانے کا معاملہ سیاسی تنازع کا سبب بن گیا ہے۔حیدرآباد کے مشیرآباد اسمبلی حلقہ میں قواعد کے خلاف جعلی ’فارم-7‘ درخواستوں کے ذریعے 30 اہل ووٹروں کے نام ووٹر لسٹ سے حذف کرانے کی کوشش کے الزام میں بی جے پی کے بوتھ لیول ایجنٹ (BLA) ایس. بال چندر کے خلاف چکڑپلی پولیس نے فوجداری مقدمہ درج کیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ 28 ستمبر کو بال چندر نے پولنگ اسٹیشن نمبر 210 پر بوتھ لیول آفیسر (BLO) کو پہلے سے پُر کئے گئے 30 فارم-7 جمع کرانے کی کوشش کی، تاہم عہدیداروں نے درخواستیں قبول کرنے سے انکار کردیا۔
ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر (CEO) کی جانب سے جعلی تصدیق اور غلط معلومات کے ذریعے ووٹروں کے نام حذف کرانے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کے بعد، مشیرآباد کے الیکشن رجسٹریشن آفیسر (ERO) ٹی. پروین کمار ریڈی نے قانونی مشورہ حاصل کرنے کے بعد چکڑپلی پولیس میں شکایت درج کرائی۔
پولیس نے بال چندر کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) کی دفعات 217 اور 318(2) کے علاوہ عوامی نمائندگی ایکٹ 1950 کی دفعہ 31 کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
ریاست میں جعلی فارم-7 کے مبینہ غلط استعمال پر درج ہونے والا یہ پہلا ایف آئی آر بتایا جارہا ہے۔ اس معاملے پر حکمراں کانگریس کی جانب سے شدید احتجاج کے پیش نظر سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ بی جے پی کے لیے سیاسی طور پر مشکلات پیدا کرسکتا ہے۔




