کالے ہرن کا شکار 9 افراد گرفتار۔ ملزمین میں حیدرآباد کے پرانے شہر کے نوجوان بھی شامل

حیدرآباد/ شاد نگر زون پولیس نے کالے ہرن کا غیر قانونی شکار کرنے والے گروہ کو بے نقاب کرتے ہوئے 9 افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے 13 کلو گرام کالے ہرن کا گوشت، لائسنس یافتہ رائفل، 19 زندہ کارتوس، دو گاڑیاں، کیمرہ، 8 اسمارٹ فون اور 28,590 روپے نقد ضبط کیے۔
شاد نگر ڈی سی پی سی سریشا راگھویندر نے بتایا کہ شاد نگر پولیس، ایس او ٹی شاد نگر زون اور محکمہ جنگلات کے آمنگل رینج کے عہدیداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے رائیکل کے قریب گاڑیوں کو روک کر تلاشی لی، جس دوران کالے ہرن کا گوشت برآمد ہوا اور 9 افراد کو حراست میں لیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق اصل ملزم ایم۔ ڈی۔ حاجی الدین اپنے ساتھیوں کے ساتھ 26 اور 27 ستمبر کی درمیانی شب حیدرآباد سے روانہ ہوا تھا۔ وہ علی الصبح نارائن پیٹ کے قریب ماریکل کے جنگلاتی علاقے میں پہنچے اور صبح 7 بجے سے دوپہر 12 بجے تک علاقے میں گھومتے رہے۔ پولیس کے مطابق اسی دوران حاجی الدین نے اپنی لائسنس یافتہ رائفل سے کالے ہرن کا شکار کیا۔
بعد میں ملزمین نے چاقوؤں کی مدد سے کالے ہرن کے گوشت کے ٹکڑے کیے انہیں پیک کیا اور گاڑیوں کے ذریعے حیدرآباد روانہ ہوگئے۔ رائیکل ٹول پلازا کے قریب پولیس اور دیگر محکمہ جاتی ٹیموں نے گاڑیوں کو روک کر تلاشی لی جس پر کالے ہرن کا گوشت برآمد ہوا۔
پولیس کے مطابق پوچھ گچھ کے دوران حاجی الدین نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر لائسنس یافتہ رائفل سے کالے ہرن کا شکار کرنے کی بات بتائی۔گرفتار افراد میں حاجی الدین (36)، میر مختار علی (37)، تجمل (37)، میر رضا علی خان (39)، خرم خان (35)، سید سلمان علی (30)، افروز خان (36)، عزیز (33)، ریاض (28)، شامل ہیں۔ ان میں بعض کا تعلق حیدرآباد کے پرانے شہر کے علاقوں مغل پورہ اور عیدی بازار کے علاوہ سنگاریڈی اور محبوب نگر سے بتایا گیا ہے۔
پولیس نے ملزمین کے خلاف وائلڈ لائف (پروٹیکشن) ایکٹ 1972 کی دفعات 9، 39، 50، 51 اور 57 کے علاوہ آرمس ایکٹ کی دفعہ 30 کے تحت مقدمات درج کیے ہیں۔پولیس کے مطابق اطلاع ملنے کے 24 گھنٹوں کے اندر کارروائی کرتے ہوئے ملزمین کو گرفتار کیا گیا۔
یہ کارروائی فیوچر سٹی پولیس کمشنر ڈاکٹر ترون جوشی کی نگرانی میں شادن نگر پولیس، ایس او ٹی شادن نگر، فیوچر سٹی کمشنریٹ، محکمہ جنگلات کے آمنگل رینج اور اینٹی پوچنگ اسکواڈ نے مشترکہ طور پر انجام دی۔
حکام نے عوام سے اپیل کی کہ جنگلی حیات کے غیر قانونی شکار، نقل و حمل یا گوشت کی فروخت سے متعلق کسی بھی اطلاع کی صورت میں محکمہ جنگلات کو فوری اطلاع دیں۔



