جنسی ہراسانی اور رقم کی وصولی کا الزام۔حیدرآباد میں انسپکٹر پولیس معطل

حیدرآباد ۔ شہر کے جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر سرینواسولو ریڈی کو معطل کر دیا گیا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق حیدرآباد پولیس کمشنر سی وی آنند نے ان کی معطلی کے احکامات جاری کئے۔
پولیس کی محکمہ جاتی تحقیقات میں اس بات کا پتہ چلا کہ انسپکٹر پولیس نے شکایت درج کروانے کے لیے آنے والی ایک خاتون کا اعتماد حاصل کرنے کے بعد مبینہ طور پر انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا جس پر یہ کاروائی کی گئی ہے۔تحقیقات کے دوران یہ بھی معلوم ہوا کہ انسپکٹر نے خاتون کے نجی ویڈیوس کو بنیاد بنا کر مبینہ طور پر ان سے رقم بھی وصول کی۔
حکام کے مطابق تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ کچھ عرصہ تک سرینواسولو ریڈی اور متاثرہ خاتون ایک ہی گھر میں مقیم رہے۔بعد ازاں خاتون سے پیچھا چھڑانے کے لیے انسپکٹر کی جانب سے مختلف کوششیں کیے جانے کے بھی الزامات سامنے آئے ہیں۔سرینواسولو ریڈی کے خلاف سنگین الزامات سامنے آنے کے بعد محکمہ جاتی کارروائی کے تحت انہیں فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور تحقیقات میں سامنے آنے والے شواہد کی بنیاد پر مزید قانونی اور محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔ معلوم ہوا ہے کہ متاثرہ خاتون نے اپنے ساتھ ہونے والی ہراسانی کی شکایت ڈی جی پی دفتر سے رجوع ہوکر کی تھی۔



