جنتر منتر پر طلبہ پر پولیس کا تشدد: سپریم کورٹ نے فوری سماعت سے انکار کردیا ، کہا "ویڈیوز دیکھنے کا وقت نہیں ہے” ہمارا وقت ضائع نہ کریں

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے چہارشنبہ کو جنتر منتر میں طلبہ پر مبینہ پولیس کارروائی کے خلاف دائر درخواست پر فوری سماعت سے انکار کر دیا۔ چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس سوریا کانت کی سربراہی والی بنچ نے درخواست گزار کے وکیل کی فوری سماعت کی اپیل مسترد کرتے ہوئے کہا، "ہمارے پاس ویڈیوز دیکھنے کا وقت نہیں ہے۔”
چیف جسٹس سوریا کانت، جسٹس جوئے مالیہ باغچی اور جسٹس وی موہنا پر مشتمل بنچ کے سامنے درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ پیر کے روز احتجاج کے دوران طلبہ پر پولیس نے مبینہ تشدد کیا اور اس کے ثبوت کے طور پر ویڈیوز بھی موجود ہیں۔ انہوں نے درخواست کی کہ معاملہ کی سماعت جمعرات کو کی جائے کیونکہ طلبہ اب بھی احتجاج کر رہے ہیں۔
اس پر چیف جسٹس نے کہا، "ہم ویڈیوز میں دلچسپی نہیں رکھتے، ہمارے پاس انہیں دیکھنے کا وقت نہیں ہے۔” جب وکیل نے دوبارہ ویڈیو شواہد کا حوالہ دیتے ہوئے طلبہ پر تشدد کا الزام دہرایا تو چیف جسٹس نے کہا، "ہمارا وقت ضائع نہ کریں، ہم کوئی ویڈیو نہیں دیکھنا چاہتے۔”
یہ درخواست سی جے پی کی جانب سے پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے پہلے دن نکالے گئے "چلو سنسد” مارچ کے دوران جنتر منتر میں طلبہ پر مبینہ پولیس کارروائی کے خلاف دائر کی گئی ہے۔



