جرائم و حادثات

بھجن کی اونچی آواز پر تنازعہ – جئے پور میں مندر کے پجاری پر ہندو نوجوان کا حملہ

جئے پور – راجستھان کے جئے پور شہر میں مندر میں گھس کر پجاری کے ساتھ مارپیٹ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ مندر میں پوجا اور مذہبی رسومات جاری تھیں کہ اونچی آواز میں بھجن بجانے پر پڑوس میں رہنے والا نوجوان ہریش وہاں پہنچ گیا۔ آواز کم کرنے کے معاملے پر پجاری سے اس کی بحث ہوگئی۔

 

الزام ہے کہ نوجوان نے پجاری رام کرشن کو زمین پر گرا کر لاتوں اور گھونسوں سے مارا، جس کے دوران ان کے کپڑے بھی پھٹ گئے۔ بعد میں لوگوں نے بیچ بچاؤ کرکے پجاری کو بچایا۔ پوری واردات مندر میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگئی۔

 

یہ واقعہ جمعہ کی شام تقریباً 7:45 بجے نیوارو روڈ کے گنیش نگر مین علاقے میں واقع شیو مندر میں پیش آیا۔ کاردھنی تھانے کے ایس ایچ او سوائی سنگھ کے مطابق پجاری رام کرشن کی شکایت پر ہریش اور دیوانش کو  حملہ کرنے اور امن میں خلل ڈالنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

 

دوسری جانب ملزمین کے خاندان کی جانب سے بھی جوابی ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔ واقعہ کے خلاف مقامی لوگوں اور پجاری کے افراد خاندان نے اتوار کو کاردھنی پولیس اسٹیشن پہنچ کر احتجاج کیا اور ملزمین کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے پولیس کو یادداشت پیش کی۔ پولیس نے معاملے کی مکمل تحقیقات اور سخت کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button