جرائم و حادثات

خاتون مسافر سے جنسی زیادتی کی کوشش – کیاب ڈرائیور 60 ہزار روپے لے کر فرار ؛ حیدرآباد کے مضافات میں واقعہ

حیدرآباد – حیدرآباد کے مضافاتی علاقے شمش آباد سرکل میں ایک کیاب ڈرائیور کی جانب سے خاتون مسافر کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی کی کوشش کا معاملہ سامنے آیا ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق گچی باؤلی سے تعلق رکھنے والی 35 سالہ خاتون اتوار کی رات ذاتی کام کے سلسلے میں کیاب میں سوار ہوئی۔ ان کے پاس 60 ہزار روپے نقدی والا بیگ بھی تھا۔ الزام ہے کہ ڈرائیور نے توندپلی ٹول پلازہ کے قریب آؤٹر رنگ روڈ  سے جانے کے بجائے شارٹ کٹ کا بہانہ بنا کر گاڑی سروس روڈ کی طرف موڑ دی۔

 

ڈرائیور گاڑی کو کوتوال گوڑہ کے قریب ایک سنسان مقام پر لے گیا اور خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کی کوشش کی۔ خوفزدہ خاتون جان بچانے کے لئے گاڑی سے اتر کر زور زور سے چیخنے لگیں۔ اس پر ڈرائیور گھبرا گیا اور گاڑی میں موجود 60 ہزار روپے نقدی والا بیگ لے کر فرار ہوگیا۔

 

خاتون کی شکایت پر آر جی آئی اے پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور فرار کیاب ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button