حیدرآبا:لڑکے کے ساتھ جنسی زیادتی،مدرسہ کے ٹیچر کو عمر قید کی سزا

حیدرآباد، 29 ستمبر: پہاڑی شریف پولیس اسٹیشن میں درج پوکسو کیس میں رنگاریڈی ضلع کے ایل بی نگر میں واقع فاسٹ ٹریک اسپیشل کورٹ نے ملزم کو قصوروار قرار دیتے ہوئے عمر قید کی سزا سنائی۔ عدالت نے اس پر 25,500 روپے جرمانہ عائد کرنے کے علاوہ متاثرہ کو 2 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا بھی حکم دیا۔
پولیس کے مطابق کیس میں محمد منور حسین (30) متوطن ریاست بہار کو ملزم قرار دیا گیا ہے۔ وہ مامڈپلی گاؤں کے مدرسہ اسلامیہ کاشف العلوم میں ٹیچر کے طور پر کام کرتا تھا۔پولیس کے مطابق 4 جنوری 2025 کو متاثرہ کے والد نے پہاڑی شریف پولیس سے شکایت کی تھی کہ ان کا 13 سالہ بڑا بیٹا مدرسہ اسلامیہ کاشف العلوم، مامڈپلی میں زیرتعلیم تھا۔
طبیعت خراب ہونے پر اسے 26 دسمبر 2024 کو گھر لایا گیا تھا۔ اگلے روز مقامی کلینک میں طبی معائنے کے دوران ڈاکٹروں نے اس کے پرائیویٹ پارٹ میں شدید انفیکشن کی نشاندہی کی۔ اس دوران متاثرہ لڑکے نے اپنی والدہ کو بتایا کہ مدرسہ کے ٹیچر حافظ منور اسے گاڑی میں پہاڑی شریف کے راجیو گاندھی نگر میں مسجد رحمت النساء کے قریب واقع ایک کمرے میں لے گیا جہاں اس نے اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی۔
متاثرہ کے مطابق ملزم نے اسے دھمکایا، پولیس کے مطابق متاثرہ کی والدہ نے فوری طور پر معاملے کی اطلاع اس کے والد کو دی جس کے بعد انہوں نے پولیس سے رجوع کرتے ہوئے ملزم کے خلاف سخت کارروائی کی درخواست کی۔
اس معاملے میں پہاڑی شریف پولیس نے کرائم نمبر 09/2025 کے تحت بی این ایس کی دفعہ 351(2) اور پوکسو ایکٹ 2012 کی دفعات 5(f)(l) اور 6 کے تحت مقدمہ درج کیا تھا اور یہ مقدمہ عدالت میں زیر دوران تھا اج ملزم کو مجرم قرار دیتے ہوئے اسے سزا سنا دی گئی۔
اعلی عہدیداروں نے اس کیس کی موثر تحقیقات اور عدالت میں شواہد پیش کرتے ہوتے ہوئے مجرم کو سزا دلوانے پر ماتحت عملہ کی ستائش کی۔



