جرائم و حادثات

حیدرآباد کے ایک خانگی جونیر کالج میں طلبا کے دو گروپس میں گینگ وار – پولیس کی بروقت مداخلت

حیدرآباد: شہر حیدراباد کے چمپا پیٹ علاقہ میں واقع ایک خانگی جونیر کالج میں طلبا کے دو گروپس کے درمیان معمولی تکرار نے اچانک پرتشدد جھڑپ کی شکل اختیار کرلی۔ دونوں گروپس کے طلبا نے ایک دوسرے پر حملے کئے، جس سے کالج اور اطراف کے علاقے میں کچھ دیر کے لیے کشیدگی کا ماحول پیدا ہوگیا۔

 

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور راہ گیروں نے فوری طور پر ڈائیل 100 پر فون کرکے پولیس کو آگاہ کیا۔ اطلاع پر پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں گروپس کو منتشر کردیا، جس کے بعد صورتحال قابو میں آگئی۔

 

اس دوران طلبا کے درمیان ہونے والی جھڑپ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں دونوں گروپس ایک دوسرے پر حملہ کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ واقعہ کے بعد مقامی افراد میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی اور والدین نے تعلیمی اداروں میں طلبا کی سلامتی پر تشویش کا اظہار کیا۔

 

پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور جھگڑے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ویڈیو فوٹیج اور دیگر شواہد کی بنیاد پر ملوث طلبا کی شناخت کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button