سسر کے گھر میں داماد نے ہی کی تھی چوری۔ کریم نگر ڈکیتی کا معمہ حل، نواسہ بھی سازش میں شامل: کمشنر پولیس

کریم نگر 29 جولائی: کریم نگر پولیس نے شہر کے بھگت نگر علاقے میں پیش آنے والی سنسنی خیز ڈکیتی کا کامیابی سے پردہ فاش کرتے ہوئے اتر پردیش کے میرٹھ سے تعلق رکھنے والے تین ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے ان کے قبضے سے 2 لاکھ 9 ہزار روپے نقد رقم ، 43.67 گرام سونے کے زیورات اور 64.98 گرام چاندی کے زیورات برآمد کیے ہیں
جبکہ واردات کے اصل منصوبہ ساز متاثرہ شخص کا داماد اور نواسہ ہی نکلے جو تاحال مفرور ہیں۔پولیس کے مطابق بھگت نگر کے محمد عظمت علی کے مکان میں چند روز قبل آدھی رات کے وقت ملزمین نقلی پستول اور چاقوؤں کے ساتھ داخل ہوئے۔ انہوں نے ارکان خاندان کو یرغمال بنا کر ان کے ہاتھ پاؤں باندھ دیے اور گھر میں موجود نقد رقم سونے اور چاندی کے زیورات لوٹ کر راہ فرار اختیار کی تھی۔
شکایت موصول ہونے کے بعد کریم نگر پولیس نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر تفتیش شروع کی۔ جائے واردات اور ملزمین کے فرار ہونے کے راستوں پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ اور تکنیکی شواہد کی مدد سے معلوم ہوا کہ ملزمین چوری کا موٹر سائیکلوں پر لے کر حضور آباد کی سمت فرار ہوئے اور راستہ میں موٹر سائیکلیں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
تحقیقات کے دوران ان کا تعلق میرٹھ، اتر پردیش سے ہونے کی تصدیق ہوئی۔کریم نگر پولیس کی خصوصی ٹیمیں میرٹھ پہنچیں جہاں مقامی پولیس کے تعاون سے کارروائی کرتے ہوئے ریلوے اسٹیشن کے قریب فرار ہونے کی کوشش کر رہے تین ملزمین کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار افراد کی شناخت سلمان عرف بھورے عرف یادو (22)، سلمان (22) اور محمد حسین (19) کے طور پر ہوئی ہے۔
ان کے قبضے سے مجموعی طور پر 2 لاکھ 9 ہزار روپے نقدی ، 43.67 گرام سونے اور 64.98 گرام چاندی کے زیورات برآمد کیے گئے۔تحقیقات میں یہ سنسنی خیز انکشاف ہوا کہ ڈکیتی کا اصل منصوبہ متاثرہ شخص کے داماد رضاء الدین اور نواسہ عظیم رضا نے تیار کیا تھا۔ پولیس کے مطابق رضاء الدین کے خلاف قتل اسلحہ اور دیگر جرائم کے متعدد مقدمات پہلے سے درج ہیں۔ خاندانی تنازعات کے باعث اس کی بیوی اپنے والدین کے گھر رہ رہی تھی۔
کاروبار میں نقصان کے بعد رضاء الدین مسلسل اپنے سسر سے رقم کا مطالبہ کرتا رہا حال ہی میں اس نے پانچ لاکھ روپے مانگے اور انکار پر میرٹھ واپس چلا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ کریم نگر میں قیام کے دوران رضاء الدین کو گھر میں موجود نقدی اور زیورات کی مکمل معلومات حاصل ہو گئی تھیں۔
بعد ازاں اس نے اپنے بیٹے عظیم رضا اور میرٹھ کے تین ساتھیوں کے ساتھ مل کر ڈکیتی کی منصوبہ بندی کی۔ رواں ماہ 20 تاریخ کو یہ افراد میرٹھ سے ٹرین کے ذریعے راما گنڈم پہنچے اور 21 تاریخ کی آدھی رات کو واردات انجام دی۔پولیس نے گرفتار تینوں ملزمین کو ٹرانزٹ وارنٹ پر کریم نگر منتقل کرنے کی کارروائی شروع کر دی ہے
جبکہ رضاء الدین، عظیم رضا اور دیگر مفرور ملزمین کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں



