جرائم و حادثات

حیدرآباد کے ونستھلی پورم میں دودھ کے تاجر پر قاتلانہ حملہ

ونستھلی پورم میں دودھ کے تاجر پر قاتلانہ حملہ، مالی تنازع پر چاقو سے وار

 

حیدرآباد کے ونستھلی پورم علاقہ میں مالی لین دین کے تنازعہ پر دودھ کے ایک تاجر پر چاقو سے حملہ کا واقعہ پیش آیا۔ این جی اوز کالونی بس اسٹینڈ کے قریب پیش آئے اس واقعہ میں دودھ کے تاجر بھوجنگ راؤ (60) شدید زخمی ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ بھوجنگ راؤ موٹر سائیکل پر جارہے تھے کہ اسی دوران شیویندر سنگھ نامی شخص نے انہیں روک کر چاقو سے حملہ کردیا۔

 

حملہ میں بھوجنگ راؤ کے جسم پر گہرے زخم آئے، جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوگئے۔ مقامی افراد نے فوری طور پر انہیں ایک خانگی ہاسپٹل منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں کی نگرانی میں ان کا علاج جاری ہے۔ ان کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

 

پولیس کے مطابق بھوجنگ راؤ این جی اوز کالونی میں دودھ کا کاروبار کرتے ہیں، جبکہ حملہ کا ملزم شیویندر سنگھ اسی علاقہ میں اسٹیشنری کی دکان چلاتا ہے۔ دونوں کے درمیان کچھ عرصہ سے مالی لین دین کے معاملہ پر اختلافات چل رہے تھے۔ اسی تنازعہ کے دوران شیویندر سنگھ نے مبینہ طور پر بھوجنگ راؤ پر چاقو سے حملہ کردیا۔

 

واقعہ کے بعد ملزم فرار ہونے کے بجائے خود ونستھلی پورم پولیس اسٹیشن پہنچا اور پولیس کے سامنے خودسپرد ہوگیا۔ پولیس نے اسے حراست میں لے کر واقعہ کی وجوہات اور حملہ کے پس پردہ دیگر معاملات کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button