غیر ملکیوں کو کرایے پر مکان دینے والوں کو حیدرآباد پولیس کی وارننگ

حیدرآباد: شہر میں مکان مالکین کیلئے پولیس نے اہم انتباہ جاری کیا ہے۔ پولیس نے ہدایت دی ہے کہ غیر ملکی شہریوں کو مکان کرایے پر دینے سے پہلے ان کا پاسپورٹ اور ویزا لازمی طور پر چیک کیا جائے۔
ویزا کی مدت ختم ہونے والے افراد یا نقلی دستاویزات رکھنے والوں کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔پولیس کے مطابق یہ قواعد مکانات، ہاسٹلس، ہوٹلوں، گیسٹ ہاؤسیس اور سروس اپارٹمنٹس پر بھی لاگو ہوں گے۔
او سی آئی کارڈ رکھنے والے نیپال اور بھوٹان کے شہریوں کو رہائش کی سہولت فراہم کرنے کی صورت میں بھی متعلقہ قواعد پر عمل کرنا ہوگا۔حیدرآباد سٹی پولیس نے خبردار کیا ہے کہ غیر قانونی طور پر قیام، ویزا قوانین کی خلاف ورزی اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
شہر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر پولیس نے یہ انتباہ جاری کیا ہے۔



