جنسی ہراسانی کے کیس کا سامنا کررہے ٹرینی آئی پی ایس افیسر اودے کرشنا ریڈی گرفتار
ٹرینی آئی پی ایس افیسر اودے کرشنا ریڈی کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ انہیں حیدرآباد کے مضافاتی علاقے سے تحویل میں لینے کے بعد عطاپور پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔
واضح رہے کہ نیشنل پولیس اکیڈمی میں ایک خاتون ٹرینی آئی پی ایس افیسر نے اودے کرشنا ریڈی پر ہراسانی کا الزام عائد کرتے ہوئے شکایت درج کروائی تھی، جس کی بنیاد پر عطاپور پولیس نے 18 جولائی کو مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔
متاثرہ خاتون نے اپنی شکایت میں الزام لگایا کہ اودے کرشنا ریڈی نے انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا اور ان کی خانگی ویڈیوز ان کے شوہر کو بھیج کر ذہنی اذیت پہنچائی۔تحقیقات کے دوران پولیس نے ملزم کے بتائے گئے دونوں پتوں پر نوٹس دینے کی کوشش کی، تاہم وہ وہاں نہیں ملا۔ اس کا موبائل فون بھی مسلسل بند آ رہا تھا۔
بعد ازاں پولیس نے چار خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر اس کی تلاش شروع کی، جس کے نتیجے میں اسے حراست میں لے لیا گیا۔راجندر نگر کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس سرینواس نے بتایا کہ اس مقدمے کی شفاف انداز میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔



