"تمہارا ریٹ کیا ہے؟”خاتون سے بیہودہ سوال، بنگلور میں ایک شخص گرفتار

بنگلورو: بنگلورو پولیس نے 42 سالہ پھل فروش کو ایک خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے جو کام سے فارغ ہونے کے بعد کیب کا انتظار کر رہی تھیں۔ملزم وجے راگھو جو این آر آئی لے آؤٹ کا رہنے والا ہے اس کو رامامورتی نگر پولیس نے اس وقت گرفتار کیا جب واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اور عوام میں شدید غم و غصہ پھیل گیا۔
ویڈیو کے مطابق خاتون رامامورتی نگر میں کیب کا انتظار کر رہی تھیں کہ اسی دوران اسکوٹر پر سوار ایک شخص ان کے قریب آیا اور ان سے پوچھا "تمہارا ریٹ کیا ہے؟” اس نے مبینہ طور پر انہیں پیسوں کی بھی پیشکش کی۔
خاتون نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس واقعہ کو اپنے موبائل فون سے ریکارڈ کر لیا اور بعد میں ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں کس طرح ہراساں کیا گیا۔
انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ ملزم کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور اس بات پر زور دیا کہ عوامی مقامات پر اس قسم کے واقعات کو ہرگز معمول نہیں سمجھنا چاہیے۔پولیس نے ویڈیو میں نظر آنے والے اسکوٹر کے رجسٹریشن نمبر کی مدد سے ملزم کا سراغ لگایا اور اسے حراست میں لے لیا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) کی دفعات 75 اور 79 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔



