دن دھاڑے اسکول میں خاتون ٹیچر کا قتل – چھیڑ چھاڑ کے الزام میں پولیس میں شکایت کرنے پر نوجوان کی انتقامی کاروائی
مئی دہلی : ہریانہ کے فرید آباد میں پیر کے روز دن دہاڑے ایک نجی اسکول میں گھس کر ایک نوجوان نے خاتون ٹیچر کو چاقو کے پے در پے وار کرکے قتل کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ چند روز قبل مقتولہ نے ملزم کے خلاف چھیڑ چھاڑ کی شکایت درج کرائی تھی۔ اس وقت ملزم نے سب کے سامنے معافی مانگ لی تھی، لیکن وہ اس واقعے کے بعد ٹیچر سے رنجش رکھنے لگا تھا۔
پیر کی صبح ملزم اسکول پہنچا اور خاتون ٹیچر سے ملنے کی خواہش ظاہر کی۔ جیسے ہی ٹیچر مرکزی گیٹ پر اس سے ملنے آئیں، اس نے اچانک چاقو سے مسلسل حملہ کر دیا۔ حملے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، جس میں ملزم خاتون پر بار بار وار کرتا دکھائی دے رہا ہے۔ ٹیچر جان بچانے کی کوشش کرتی رہیں، مگر ملزم نے انہیں پکڑ کر مسلسل چاقو مارتا رہا۔ بھاگتے ہوئے وہ زمین پر گر گئیں، لیکن حملہ آور ان کے اوپر بیٹھ کر بھی وار کرتا رہا۔
عینی شاہدین کے مطابق ایک شخص خاتون کو بچانے کے لیے آگے بڑھا، مگر ملزم نے اسے دھمکاتے ہوئے پیچھے ہٹا دیا۔ ملزم نے خاتون کے سینے، پیٹ، گردن اور چہرے پر تقریباً 34 چاقو کے وار کیے۔ واردات کے بعد وہ موقع سے فرار ہو گیا، جس سے اسکول میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور تحقیقات شروع کر دیں۔ شام تک پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا، جس سے پوچھ گچھ جاری ہے۔
مقتولہ کی شناخت سندھیا کے نام سے ہوئی ہے، جو بلبھ گڑھ کے ڈبوا علاقے کی رہنے والی تھیں۔ وہ اس وقت اپنے شوہر کے ساتھ فیروزپور کلاں میں رہ رہی تھیں اور گاؤں سیکرونا کے سرسوتی سینئر سیکنڈری اسکول میں گزشتہ تقریباً ایک سال سے تدریسی خدمات انجام دے رہی تھیں۔
عینی شاہدین کے مطابق تقریباً صبح 9:30 بجے 30 سالہ ملزم امیت، جو کوٹ گاؤں کا رہنے والا ہے، چہرے پر کپڑا باندھ کر اسکول پہنچا اور اسٹاف سے کہا کہ "سندھیا میڈم کو بلا دیجیے۔” جیسے ہی وہ باہر آئیں، اس نے اچانک چاقو سے حملہ کر دیا۔
اسکول کے منتظم تیج پال نے بتایا کہ چیخ و پکار سن کر وہ موقع پر پہنچے اور ملزم کو روکنے کی کوشش کی، لیکن اس نے چاقو لہراتے ہوئے انہیں بھی دھمکایا، جس پر وہ پیچھے ہٹ گئے۔ اس دوران ملزم خاتون پر مسلسل حملہ کرتا رہا اور ان کے بے ہوش ہونے کے بعد فرار ہو گیا۔
دیگر اساتذہ نے زخمی ٹیچر کو سنبھالنے کی کوشش کی، مگر وہ موقع پر ہی دم توڑ چکی تھیں۔ بعد ازاں انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ملزم پہلے درج کی گئی چھیڑ چھاڑ کی شکایت کی وجہ سے خاتون ٹیچر سے رنجش رکھتا تھا۔ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں۔



