معیاری تعلیم و کردار سازی ہی کامیابی کی ضمانت، میزان ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ کا جلسہ تقسیم اسناد

معیاری تعلیم و کردار سازی ہی کامیابی کی ضمانت، میزان ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ کا جلسہ تقسیم اسناد
حیدرآباد(پریس نوٹ)خواتین کی تعلیم، ہنر مندی اور کردار سازی کے میدان میں گزشتہ 24 برسوں سے نمایاں خدمات انجام دینے والے میزان ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام تقریبِ تقسیمِ اسناد (کانووکیشن 2026) فیڈریشن آف تلنگانہ چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FTCCI)، ریڈ ہلز، حیدرآباد میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں تعلیمی، سماجی اور رفاہی شعبوں سے وابستہ معزز شخصیات، اساتذہ، طالبات اور ان کے سرپرستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی 250 طالبات کو کامیابی کے ساتھ اپنی تعلیم مکمل کرنے پر اسناد، طلائی و امتیازی تمغے، مو منٹو اور اعزازی اسناد پیش کی گئیں
۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی سید مظہرالدین حسینی(ایگزیکٹیو ڈائرکٹر SEED USA)نے اپنے خطاب میں طالبات کو زندگی کے عملی میدان میں دیانت داری، اخلاص، خدمتِ خلق اور پیشہ ورانہ مہارت کو شعار بنانے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی کامیابی صرف اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے میں نہیں بلکہ اس علم کو انسانیت کی خدمت اور معاشرے کی فلاح کے لیے بروئے کار لانے میں ہے۔
انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ سچائی، ہمدردی اور اعلیٰ اخلاق کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں تاکہ ایک بہتر اور باوقار معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔مہمانِ اعزازی سید قطب الدین نے اپنے خطاب میں فارغ التحصیل طالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جدید دور میں کامیابی کے لیے پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط، مستقل مزاجی اور معیار کو برقرار رکھنا ناگزیر ہے۔
انہوں نے طالبات کو خود اعتمادی کے ساتھ اپنے کیریئر میں آگے بڑھنے اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔اس موقع پر شوکت علی چیریٹیبل کلینک کی چیئرپرسن عابدہ النساء بیگم بطور خصوصی مدعو شریک ہوئیں
۔ انہوں نے طالبات، اساتذہ اور ادارے کی انتظامیہ کو مبارک با ددیتے ہوئے کہا کہ تعلیم یافتہ خواتین ہی ایک مضبوط، باشعور اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہوتی ہیں۔میزان کالج کی پرنسپل زیب النساء بیگم نے تمام فارغ التحصیل طالبات کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ میزان ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ گزشتہ چوبیس برسوں سے معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی تربیت، شخصیت سازی اور خواتین کو بااختیار بنانے کے مشن پر کامیابی کے ساتھ گامزن ہے، اور ادارہ آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ اپنی خدمات جاری رکھے گا
۔تقریب کے اختتام پر محترمہ سمیرا بیگم نے تمام مہمانان، اساتذہ، والدین اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا، جس کے بعد قومی ترانے کے ساتھ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔




