تعلیم ہی زندگی بدلنے والا طاقتور ترین ہتھیار ہے گورنمنٹ وہپ و ایم ایل اے ینم سرینواس ریڈی

تعلیم ہی زندگی بدلنے والا طاقتور ترین ہتھیار ہے گورنمنٹ وہپ و ایم ایل اے ینم سرینواس ریڈی
محبوب نگر (محمد فرید صدیقی )
گورنمنٹ وہپ و محبوب نگر کے رکنِ اسمبلی شری ینم سرینواس ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر انسان کے پاس تعلیم ہو تو زندگی میں ایسی کوئی منزل نہیں جسے حاصل نہ کیا جا سکے
۔ تعلیم محض روزگار پانے کا ذریعہ نہیں بلکہ انسان کی سوچ، شخصیت، خاندانی مستقبل اور معاشرے کی ہمہ جہت ترقی کو تبدیل کرنے والی سب سے بڑی قوت ہے۔ محبوب نگر اسمبلی حلقہ میں تعلیمی شعبے میں نمایاں خدمات پر امریکن تلگو ایسوسی ایشن (ATA) کی جانب سے گورنمنٹ وہپ کو باوقار ‘کمیونٹی سروس ایوارڈ’ سے نوازا گیا، جس کی خوشی میں جے کے انجینئرنگ کالج میں آل مدینہ ایجوکیشنل سوسائٹی کے زیر اہتمام ایک پروقار تقریب منعقد کر کے انہیں شال پوشی اور گلدستہ پیش کر کے شاندار تہنیت پیش کی گئی۔
اس موقع پر ایم ایل اے نے کہا کہ معاشرے میں پائیدار تبدیلی کے لیے تعلیم کو اولین ترجیح دینا ناگزیر ہے؛ غریب گھرانوں کے طلبہ میں بھی بے پناہ صلاحیتیں موجود ہوتی ہیں، جنہیں درست رہنمائی اور وسائل کے ذریعے اعلیٰ ترین مقام تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم طلبہ کو کارپوریٹ اور پرائیویٹ اداروں کے مساوی مسابقتی ماحول فراہم کیا جا رہا ہے
تاکہ غربت کسی بھی ہونہار بچے کے مستقبل کی راہ میں رکاوٹ نہ بنے۔ انہوں نے ‘آٹا’ کی جانب سے دیے گئے اس ایوارڈ کو اپنی ذاتی کامیابی کے بجائے حلقے کے اساتذہ، طلبہ اور تعلیمی میدان سے وابستہ تمام افراد کے نام وقف کیا۔ انہوں نے آل مدینہ ایجوکیشنل سوسائٹی کی معیاری تعلیمی خدمات کو بھی سراہا۔ بعد ازاں کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات میں انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں
۔ اس تقریب میں میئر محترمہ گمالا ممتا سرینواس، ڈپٹی میئر ماریپلی سریندر ریڈی، سینئر کانگریس رہنما ونود کمار، دھرمارام سرپنچ راجو گوڑ، امتیاز اسحاق، قاسم احمد، شجاعت علی، رئیس بھائی، معین علی، آل مدینہ سوسائٹی کے نمائندے، کالج انتظامیہ اور اساتذہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔



