ڈبلیو اے پی ایل آکشن میں فرنچائزیز کے درمیان زبردست مقابلہ، نوجوان کھلاڑی بھی توجہ کا مرکز

ڈبلیو اے پی ایل آکشن میں فرنچائزیز کے درمیان زبردست مقابلہ، نوجوان کھلاڑی بھی توجہ کا مرکز
وجے واڑہ: آندھرا کرکٹ ایسوسی ایشن (اے سی اے) کے زیراہتمام ڈبلیو اے پی ایل 2026 کے فرنچائز ماڈل کے تحت کھلاڑیوں کی نیلامی وجے واڑہ کے نووٹل ہوٹل میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی۔ آکشن کے دوران فرنچائزیز کے درمیان معروف کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ نوجوان ٹیلنٹ کو ٹیم میں شامل کرنے کے لیے بھی زبردست مقابلہ دیکھنے میں آیا۔
نیلامی میں پیریرا فلاویا ہینریٹا سب سے مہنگی کھلاڑی رہیں، جنہیں گوداوری گولڈن ایگلز نے 4.3 لاکھ روپے میں اپنی ٹیم میں شامل کیا۔ بھارتی ٹیم کی نمائندگی کرنے والی سری چرن اور انوشا باریڈی کو رائلسیما جین اسٹارز نے منتخب کیا، جبکہ صرف 12 سال کی عمر میں آکشن میں شامل ہونے والی سائی شن مُکھ پریا بھی اسی فرنچائز کا حصہ بن گئیں۔
بھارتی ٹیم کی نمایاں کھلاڑی کے. انجلی شروانی کو وائیزاگ فائر برڈز نے خرید لیا، جبکہ نیروگٹو انوشا امراوتی ای چیمپئنز کی ٹیم میں شامل ہوئیں۔ ڈبلیو اے پی ایل کے لیے مجموعی طور پر 191 کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کرایا تھا، جن میں سے 74 کھلاڑیوں کو چار فرنچائزیز نے منتخب کیا۔ تقریباً تمام ٹیموں نے اپنے مقررہ بجٹ کا بھرپور استعمال کیا۔
آکشن کی ایک اور خاص کشش سابق بھارتی کپتان متھالی راج رہیں، جنہوں نے خواتین کرکٹ کے فروغ کے لیے آندھرا کرکٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ بطور برانڈ ایمبیسیڈر کام کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
آکشن کے بعد گورننگ کونسل کے چیئرمین سجئے کرشنا رنگا راؤ اور اے سی اے کے ڈائریکٹر آف کرکٹ آپریشنز کلیان کرشنا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ آندھرا کی خواتین کرکٹ کی تاریخ کا یادگار دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈبلیو اے پی ایل کو پہلی مرتبہ فرنچائز ماڈل میں منعقد کیا جا رہا ہے، جو خواتین کرکٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کی جانب اہم قدم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فرنچائز ماڈل میں ٹورنامنٹ کے انعقاد کے اعلان کے بعد 11 ٹیموں نے دلچسپی ظاہر کی تھی، تاہم چار فرنچائزیز کا انتخاب کیا گیا۔ چاروں ٹیموں نے آکشن میں بھرپور حصہ لیتے ہوئے اپنی اسکواڈز مکمل کیں۔
اے سی اے عہدیداروں نے کہا کہ آندھرا کے دور دراز علاقوں سے سامنے آنے والی باصلاحیت کھلاڑیوں کو مناسب پلیٹ فارم فراہم کرنا ان کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج سری چرن بھارتی ٹیم میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہی ہیں اور مستقبل میں ڈبلیو اے پی ایل سے کئی مزید باصلاحیت کھلاڑی قومی ٹیم تک پہنچیں گی۔
ان کے مطابق ڈبلیو اے پی ایل کا آغاز 15 ستمبر کے بعد متوقع ہے۔ تمام میچز منگل گیری میں کھیلے جائیں گے، جہاں دن اور رات دونوں وقت مقابلوں کا انعقاد ہوگا۔ ٹورنامنٹ کا مکمل شیڈول جلد جاری کیا جائے گا۔
اس موقع پر اے سی اے کے صدر کیشینینی شیو ناتھ چِنّی، سکریٹری سانا ستیش، گورننگ کونسل کے ارکان، فرنچائزیز کے نمائندے اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ رائلسیما جین اسٹارز کی جانب سے زین ایکس امر، سوریش، راجا ریڈی اور حبیب نصیر نے بھی تاریخی آکشن میں شرکت کی۔
اے سی اے عہدیداروں نے امید ظاہر کی کہ ڈبلیو اے پی ایل کے میچز کو عوام کی بھرپور پذیرائی حاصل ہوگی اور یہ ٹورنامنٹ آندھرا میں خواتین کرکٹ کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گا۔




