ایجوکیشن

شاہین جونیئر کالج کریم نگر میں شاندار اعزازی تقریب؛ 1700 سے زائد افراد کی شرکت، نمایاں طلبہ کی تہنیت

شاہین جونیئر کالج کریم نگر میں عظیم الشان تعلیمی اعزازی تقریب کا انعقاد

سترہ سو سے زائد افراد کی شرکت، نمایاں کامیاب طلبہ کی شاندار تہنیت

 

شاہین جونیئر کالج کریم نگر کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان ’’تعلیمی اعزازی تقریب‘‘ نہایت شاندار، پروقار اور روح پرور انداز میں منعقد ہوئی، جس میں سترہ سو سے زائد افراد نے شرکت کرکے پروگرام کو تاریخی کامیابی سے ہمکنار کیا۔ تقریب میں طلبہ، سرپرستوں، اساتذۂ کرام، دانشورانِ ملت اور معزز شخصیات کی بڑی تعداد شریک رہی۔

 

اس باوقار تقریب میں ڈاکٹر عبدالقدیر، ولی رحمانی اور ڈاکٹر اشہر احمد نے خصوصی شرکت فرمائی اور اپنے فکر انگیز، حوصلہ افزا اور قیمتی خطابات سے حاضرین کو مستفید فرمایا۔

 

تقریب کے دوران طبی تعلیم میں داخلہ حاصل کرنے والے کامیاب طلبہ، انٹرمیڈیٹ سطح پر ریاستی و ضلعی امتیاز حاصل کرنے والے طلبہ، ’’جے ای ای مینز‘‘ میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ، نیز ایس ایس سی کے ٹاپرس کی شاندار تہنیت و حوصلہ افزائی کی گئی۔ اس موقع پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو اعزازات سے نوازا گیا۔

 

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالقدیر نے فرمایا کہ ’’تعلیم ہی انسان کا اصل زیور ہے اور قوموں کی ترقی و سربلندی کا حقیقی راز بھی تعلیم میں پوشیدہ ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملت کو تعلیمی میدان میں مضبوط اور مستحکم بنانے کی اشد ضرورت ہے، اور شاہین ادارے اسی مشن کے تحت مسلسل، مخلصانہ اور معیاری خدمات انجام دے رہے ہیں۔

 

انہوں نے شاہین کریم نگر کی مختصر مدت میں حاصل ہونے والی غیر معمولی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ نے صرف دو برسوں میں گیارہ طبی نشستیں حاصل کرکے اور قومی سطح کے مسابقتی امتحانات میں نمایاں کامیابیاں درج کرکے ایک منفرد مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے ان کامیابیوں کا سہرا اساتذۂ کرام، انتظامیہ، والدین اور طلبہ کی شبانہ روز محنت، تعاون اور لگن کو دیا۔

 

اپنے خطاب میں ولی رحمانی نے فرمایا کہ آج صرف تعلیم حاصل کرنا کافی نہیں بلکہ تحقیق، ایجادات اور عملی میدان میں آگے بڑھنا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے طلبہ کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اپنی صلاحیتوں اور علم کو انسانیت کی خدمت، سماج کی بھلائی اور قوم کی ترقی کے لیے استعمال کریں اور ہمیشہ دوسروں کے لیے معاون و مددگار بننے کی کوشش کریں۔

 

اس موقع پر سید اعجاز احمد، چیئرمین شاہین جونیئر کالج کریم نگر نے والدین، عوامِ کریم نگر اور تمام معاونین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دو برسوں میں حاصل ہونے والی یہ شاندار کامیابی عوام کے اعتماد، تعاون اور دعاؤں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ مستقبل میں بھی تعلیمی میدان میں مزید نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے کے لیے مسلسل جدوجہد جاری رکھے گا۔

 

تقریب کا اختتام خوشی، ولولہ، جوش و خروش اور کامیابی کے پُرجذبہ ماحول میں عمل میں آیا، اور یہ تقریب شاہین کریم نگر کی معیاری تعلیمی خدمات، بلند عزائم اور روشن مستقبل کی ایک تابناک مثال بن کر سامنے آئی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button