انٹرٹینمنٹ

کترینہ کیف کا وزن سوشل میڈیا پر موضوع بحث

نئی دہلی: بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف کا نام آتے ہی خوبصورتی اداکاری کے ساتھ ان کی فٹنس بھی ذہن میں آتی ہے۔ گزشتہ دو دہائیوں سے وہ صفِ اول کے اداکاروں کے ساتھ فلموں میں نظر آتی رہی ہیں، جبکہ اپنے برانڈ ’کے بیوٹی‘کے ذریعے کاروباری دنیا میں بھی اپنی شناخت قائم کرچکی ہیں

 

تاہم اب سوشل میڈیا پر ان کے بارے میں ہونے والی بحث حیران کن ہے۔حال ہی میں کترینہ کیف اپنے شوہر وکی کوشل کے ساتھ امبانی خاندان کے گھر منعقدہ گنیش چتورتھی کی تقریب میں شریک ہوئیں۔ تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔ کچھ لوگوں نے تبصرہ کیا کہ ماں بننے کے بعد کترینہ مزید باوقار نظر آ رہی ہیں

 

جبکہ بعض افراد نے زچگی کے بعد ان کے جسم میں آنے والی تبدیلیوں پر تبصرے کیے۔ کچھ صارفین نے پرانی تصاویر سے موازنہ کرتے ہوئے ان کے وزن کو موضوع بنایا اور انہیں ٹرول کرتے ہوئے کہا کہ ’’ان کا وقت ختم ہوگیا‘‘ اور ’’بڑھاپا آگیا ہے‘‘۔اس کے بعد خواتین سمیت کترینہ کے متعدد مداح ان کی حمایت میں سامنے آئے ہیں۔ اداکارہ نے نومبر 2025 میں ایک بیٹے کو جنم دیا تھا۔

 

زچگی کے بعد جسم میں تبدیلیاں فطری ہوتی ہیں اور ہر خاتون کے لیے اپنی سابقہ جسمانی حالت میں واپس آنے کا وقت مختلف ہوسکتا ہے۔ مداحوں نے سوال اٹھایا ہے کہ ایک ماں کے جسم اور وزن کے بارے میں اس طرح کے تبصرے کرنا کہاں تک مناسب ہے۔مداحوں کا کہنا ہے کہ کسی خاتون کا احترام صرف اس کی ظاہری شکل سے طے نہیں ہونا چاہیے بلکہ اس کی صلاحیت محنت اور کامیابیاں زیادہ اہم ہیں۔

 

کترینہ کیف نے 2003 میں فلم ’بوم‘ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اس کے بعد متعدد کامیاب فلموں میں اداکاری کی۔ 2024 کی GQ India رپورٹ کے مطابق وہ ہر پروجیکٹ کے لیے 10 کروڑ روپے سے زیادہ معاوضہ لیتی ہیں۔ دوسری جانب اندازہ ہے کہ ان کے بیوٹی برانڈ ’کے بیوٹی‘ نے مالی سال 2025-26 میں تقریباً 350 کروڑ روپے کی فروخت ریکارڈ کی۔

 

کترینہ کی ان کامیابیوں کے بجائے سوشل میڈیا پر ان کے وزن اور جسمانی تبدیلیوں کو بحث کا موضوع بنائے جانے پر متعدد افراد نے حیرت کا اظہار کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button