جنرل نیوز

عمرہ کے لئے منتخب ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے ٹیچرس کے قافلہ کی 27 نومبر کو عمرہ کے لئے روانگی 

حیدرآباد ۔ 21 نومبر / ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی نے اس سال ٹیچرس ڈے کے موقع اپنے اساتذہ سے کئے وعدہ کو نبھاتے ہوئے منتخب اساتذہ کو عمرہ پر روانہ کر نے کا کام مکمل کر لیا ہے ۔

 

عمرہ کے لئے منتخب خوش نصیب ٹیچرس اور انکے ہمراہ سفر کر نے والوں کے لئے ایم ایس کے کارپوریٹ آفس میں ایک تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا ۔ اس موقع پر منعقدہ اجلاس سے ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے منیجنگ ڈائریکٹر انور احمد ، سینئیر ڈائریکٹر ڈاکٹر معظم حسین اور مولانا محمد بن عبد الرحیم با نعیم نے خطاب کیا۔عمرہ جانے والے ٹیچرس سے مخاطب کرتے ہوئے ایم ایس کے منیجنگ ڈائریکٹر انور احمد نے کہا کہ ایم ایس نے ایک عزم کیا تھا کہ اپنے اساتذہ کو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کا موقع فراہم کریں اس سلسلہ میں اس سال ٹیچرس ڈے کی تقریب میں قرعہ کے ذریعہ ٹیچرس کا انتخاب کیا گیا ۔ انہیں یہ اختیار بھی دیا گیا کہ وہ اپنے ساتھ اپنے زوجہ یا شوہر کو ساتھ لے سکتے ہیں جن کے اخراجات بھی ایم ایس کے زمہ ہوں گے ۔ انہوں نے عمرہ کے لئے منتخب ٹیچرس سے کہا کہ وہ عمرہ کے دوران عبادتوں پر توجہ دیں ۔ دل سے دعا مانگیں امت اور امت کے بچوں کے لئے دعا مانگیں ۔ اس موقع پر شاپنگ وغیرہ پر توجہ نہ دیں اور نہ سعودی عرب میں مقیم اپنے رشتہِ دراوں سے ملنے جلنے میں اپنا زیادہ وقت صرف کریں ۔

اس موقع پر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے سینئر ڈائریکٹر ڈاکٹر معظم حسین نے کہا کہ عمرہ کے لئے منتخب ٹیچرس اور ان کے ہمراہ عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والوں کی کل تعداد 50 پر مشتمل ہے ۔ ان کے علاوہ دیگر افراد پر مشتمل کل 70 افراد کا قافلہ 27 نومبر کی صبح 5 بجے حیدرآباد کے ائیر پورٹ سے سعودی عرب کے لئے سفر پر روانہ ہوگا ۔ اس سفر میں نئی دہلی سے 4 اور ممبئی سے 2 افراد قافلہ میں شامل ہونگے اس طرح یہ قافلہ 76 عازمین عمرہ پر مشتمل ہوگا ۔ یہ سفر کل 15 روزہ ہوگا اس دوران 7 دن مکہ اور 7 دن مدینہ منورہ میں قیام رہے گا ۔

اس موقع پر ڈاکٹر معظم حسین نے ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کی جانب سے اپنے طلبہ کے لئے 21 روزہ مشن فجر کے انعقاد کا اعلان کیا ۔ معظم حسین نے کہا کہ طلبہ میں باجماعت فجر کے نماز کی عادت کو پروان چڑھانے کے لئے 21 روزہ مہم کا آغاز کیا گیا ہے ۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ اس طرح ترغیب سے طلبہ ہر روز باجماعت نماز فجر کے عادی ہو جائیں گے ۔

 

مولانا محمد بن عبد الرحیم با نعیم ، نائب ناظم مجلس علمیہ ، تلنگانہ و آندھرا ، امام و خطیب مسجد الرحمٰن ، حی مشرفہ ، جدہ نے بھی سفر عمرہ کے لئے اپنے مشوروں سے واقف کروایا ۔ اس موقع پر مفتی نعیم نے حاضرین کو عمرہ کے فرائض ، سنتوں اور واجبات سے تفصیل سے واقف کروایا ۔ عمرہ کی سعادت کے عزم کے ساتھایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے ٹیچرس کا قافلہ 26 نومبر کو رات دیر گئے ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے کارپوریٹ آفس سے راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایئر پورٹ روانہ ہوگا اور وہاں سفر کے جملہ امور کی تکمیل کے بعد 27 نومبر صبح 5 بجکر 5 منٹ پر جده کے لئے پرواز کرے گا ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button