موسلا دھار بارش میں بھی جاری رہی عبادت و دعائیں ، کعبہ کے صحن میں عبادت کا حسین منظر
مکہ مکرمہ میں اتوار 13 ستمبر کو موسلا دھار بارش ہوئی، اس دوران مسجد الحرام میں مغرب کی نماز کے لیے بڑی تعداد میں عازمین اور زائرین موجود تھے۔ تیز بارش کے باوجود نمازیوں نے عبادت اور دعاؤں کا سلسلہ جاری رکھا۔
سعودی میڈیا اور سرکاری ذرائع کی جانب سے جاری ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بارش کے دوران نمازی مسجد الحرام میں نماز ادا کرنے اور دعائیں مانگنے میں مصروف رہے۔ کئی افراد نے بارش کے دوران ہاتھ اٹھا کر دعائیں کیں، جبکہ دیگر زائرین خانہ کعبہ کے اطراف اپنے مذہبی اعمال میں مشغول رہے۔ اس دوران مسجد الحرام کے سنگ مرمر کے صحن پانی سے بھر گئے۔
بارش سے بھیگے صحن میں زائرین کو چلتے ہوئے بھی دیکھا گیا، جبکہ مسجد کی روشنیاں پانی سے تر فرش پر خوبصورت عکس پیش کررہی تھیں۔ شہر کے بعض علاقوں میں ژالہ باری کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
مکہ مکرمہ میں بارش کے دوران عبادت میں مصروف نمازیوں کے مناظر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئے۔ سعودی عرب میں بارش کو عموماً ’’بارشِ خیر‘‘ سے تعبیر کیا جاتا ہے



