ہندوستان اور پاکستان سے تحمل برتیں۔ اقوام متحدہ

نئی دہلی: پہلگام میں ہونے والے حالیہ دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی پر اقوام متحدہ نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گتیرس نے دونوں ممالک
سے زیادہ سے زیادہ تحمل اور ذمہ داری کے ساتھ برتاؤ کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ خطے میں حالات مزید نہ بگڑیں۔اقوام متحدہ کے یومیہ پریس بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں سکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے کہا کہ
"اگرچہ سکریٹری جنرل کا فی الحال دونوں ممالک میں سے کسی سے براہِ راست رابطہ نہیں ہوا، تاہم وہ اس صورتحال کو نہایت سنجیدگی اور قریب سے مانیٹر کر رہے ہیں۔”
اسٹیفن دوجارک نے اس موقع پر پہلگام میں 21 اپریل کو پیش آنے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا: "ہم جموں و کشمیر میں دو روز قبل ہونے والے اس دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہیں جس میں 26
سیاح جان کی بازی ہار گئے۔ یہ ایک افسوسناک اور قابل مذمت واقعہ ہے جس میں بڑی تعداد میں معصوم شہری متاثر ہوئے ہیں۔”
اقوام متحدہ نے زور دیا ہے کہ دونوں جوہری ہمسایہ ممالک ایسے نازک موقع پر احتیاط اور برداشت سے کام لیں اور ایسے
کسی بھی عمل سے گریز کریں جو علاقائی امن اور استحکام کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔