تلنگانہ

ہندو–مسلم بھائی بھائی‘‘ کے نعروں سے گونجا بھینسہ، گنیش شوبھا یاترا پُرامن طور پر اختتام پذیر

’’ہندو–مسلم بھائی بھائی‘‘ کے نعروں سے گونجا بھینسہ، گنیش شوبھا یاترا پُرامن طور پر اختتام پذیر

ضلع ایس پی ڈاکٹر جی. جانکی شرمیلا، آئی پی ایس نے سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کی

بھینسہ سے محمد کلیم کی رپورٹ

تلنگانہ کے ضلع نرمل کے بھینسہ شہر میں منگل کے روز منعقدہ گنیش نِمرجن شوبھا یاترا مذہبی عقیدت، جوش و خروش اور پُرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔ شوبھا یاترا کے دوران ’’ہندو–مسلم بھائی بھائی‘‘ کے نعروں سے شہر گونج اٹھا، جبکہ عوام نے مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کا پیغام دیا۔

 

شوبھا یاترا میں بڑی تعداد میں عقیدت مندوں اور عوام کی شرکت کے پیش نظر پولیس محکمہ کی جانب سے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی روک تھام کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔ ضلع ایس پی ڈاکٹر جی. جانکی شرمیلا، آئی پی ایس نے بھینسہ شہر میں شوبھا یاترا کے مختلف راستوں کا خود معائنہ کرتے ہوئے سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کی۔

 

ایس پی نے شوبھا یاترا کے راستوں پر تعینات پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹی، ٹریفک کنٹرول اور عوام کی آمدورفت کا جائزہ لیا اور پولیس افسران و عملے کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ نِمرجن گھاٹ کے علاوہ اہم چوراہوں اور شوبھا یاترا کے راستوں پر خصوصی نگرانی کا انتظام کیا گیا تھا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکا جاسکے۔

 

گنیش منڈپوں کے منتظمین اور عقیدت مندوں کو کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے، اس کے لیے پولیس نے ٹریفک کو منظم کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔ عوام اور گنیش منڈپوں کے منتظمین کی جانب سے پولیس سے تعاون اور ضوابط کی پابندی کے باعث شوبھا یاترا پُرامن اور خوش اسلوبی کے ساتھ جاری رہی۔

 

پولیس محکمہ نے کہا کہ بھینسہ شہر میں مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دینے کے لیے عوام کا باہمی تعاون قابلِ ستائش ہے۔ گنیش نِمرجن کے موقع پر بندوبست میں خدمات انجام دینے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کی ضلع ایس پی نے ستائش کی۔

 

گنیش نِمرجن شوبھا یاترا کو پُرامن طریقے سے مکمل کرنے میں تعاون کرنے پر پولیس محکمہ نے بھینسہ کے عوام اور گنیش منڈپوں کے منتظمین سے اظہارِ تشکر کیا۔

 

اس موقع پر ضلع ایس پی ڈاکٹر جی. جانکی شرمیلا، آئی پی ایس، وکارآباد ایڈیشنل ایس پی راجیش مینا، آئی پی ایس، بھینسہ اے ایس پی سائی کرن، آئی پی ایس، انسپکٹرز، ایس آئیز اور دیگر پولیس اہلکار موجود تھے۔۔

متعلقہ خبریں

Back to top button