بنگال میں اقتدار کا ڈرامائی خاتمہ – گورنر کا اسمبلی تحلیل کرنے کا اعلان ، ممتا حکومت برطرف

مغربی بنگال اسمبلی کو ریاست کے گورنر آر این روی نے جمعرات کے روز تحلیل کر دیا۔ چیف منسٹر کے عہدے سے ممتا بنرجی کے استعفیٰ نہ دینے پر گورنر نے یہ فیصلہ لیا۔ اسمبلی کی تحلیل کے بعد ان کی حکومت کو برطرف تصور کیا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ریاست میں ہفتہ کو نئی حکومت تشکیل دی جائے گی، جبکہ جمعہ کو بی جے پی کے ارکانِ اسمبلی کا اجلاس ہوگا جس میں قائدِ ایوان کا انتخاب کیا جائے گا۔
294 نشستوں والی اسمبلی کے انتخابات دو مرحلوں میں ہوئے تھے اور 4 مئی کو نتائج کا اعلان کیا گیا، جس میں بی جے پی کو واضح اکثریت حاصل ہوئی۔ اسی کے پیش نظر پارٹی قیادت نے حکومت سازی کی تیاری شروع کر دی ہے۔
ریاستی بی جے پی صدر سمیت بھٹاچاریہ کے مطابق 9 مئی کو صبح 10 بجے بریگیڈ پریڈ گراؤنڈ میں حلف برداری تقریب منعقد ہوگی۔
چیف منسٹر کے عہدے کے لیے کئی نام زیرِ غور ہیں، تاہم سوویندو ادھیکاری کا نام سرفہرست بتایا جا رہا ہے، جنہوں نے ممتا بنرجی کو شکست دی ہے۔
دوسری جانب انتخابی شکست پر ممتا بنرجی نے الیکشن کمیشن پر سخت الزامات عائد کرتے ہوئے اسے اصل قصوروار قرار دیا اور واضح کیا کہ وہ وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ نہیں دیں گی۔
گورنر نے اعلان کیا کہ اسمبلی کی میعاد ختم ہونے کے باوجود چیف منسٹر کے استعفیٰ نہ دینے کے باعث سابقہ حکومت کو تحلیل کیا جا رہا ہے۔



