نیشنل

جنتر منتر پر سی جے پی کے دھرنے سے قبل دہلی میں 4 کلومیٹر کے دائرے میں 24 گھنٹے انٹرنیٹ بند، سرحدی ریاستوں کو ہائی الرٹ

نئی دہلی: ملک کی دارالحکومت نئی دہلی کے جنتر منتر پر کل (10 اکتوبر) سی جے پی (CJP) کی جانب سے احتجاج کی اپیل کے پیش نظر مرکزی وزارت داخلہ نے موبائل انٹرنیٹ خدمات عارضی طور پر معطل کرنے کا اہم فیصلہ کیا ہے

 

۔ حکام کے مطابق امن و امان کی برقراری اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی روک تھام کے لیے جن پتھ۔کرتویہ پتھ کراسنگ کے اطراف تقریباً 4 کلو میٹر کے دائرے میں انٹرنیٹ خدمات بند رکھنے کی منظوری دی گئی ہے۔ یہ پابندیاں 9 اکتوبر کی رات 10 بجے سے شروع ہوکر 10 اکتوبر کی رات 10 بجے تک مسلسل 24 گھنٹے نافذ رہیں گی۔

 

حکم کے مطابق متعلقہ ٹیلی کام کمپنیوں اور خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو مقررہ علاقے میں تمام اقسام کی موبائل انٹرنیٹ خدمات اور براڈ بینڈ سے متعلق تکنیکی خدمات عارضی طور پر بند رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ احتجاج کے دوران افواہوں اور گمراہ کن اطلاعات کو تیزی سے پھیلنے سے روکنے کے لیے یہ پیشگی اقدامات کیے گئے ہیں۔ راجدھانی کے انتہائی حساس علاقے میں 24 گھنٹے انٹرنیٹ خدمات بند رہنے کے پیش نظر سکیورٹی فورسز نے نگرانی سخت کردی ہے۔

 

جنتر منتر پر سی جے پی کے دھرنے کے پیش نظر مرکزی وزارت داخلہ نے دہلی کی سرحدوں سے متصل ریاستوں کے چیف سکریٹریز کو خصوصی مکتوب روانہ کرتے ہوئے چوکس رہنے اور حالات پر مسلسل نظر رکھنے کی ہدایت دی ہے

 

۔ وزارت نے سرحدی علاقوں میں پولیس کو سخت نگرانی کرنے، شرپسند عناصر کی نقل و حرکت پر خصوصی توجہ دینے اور امن و امان میں خلل ڈالنے کی کسی بھی کوشش کو ابتدائی مرحلے ہی میں ناکام بنانے کی ہدایت دی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button