ایس آئی آر کے خلاف بنگلورو میں دھرو راٹھی و پرکاش راج کا احتجاج، ’ووٹ چور گدی چھوڑ‘ کے نعرے

بنگلورو: ووٹر فہرستوں کی خصوصی نظرثانی (ایس آئی آر) کے خلاف بنگلورو کے فریڈم پارک میں منعقدہ احتجاج میں معروف یوٹیوبر دھرو راٹھی اور اداکار پرکاش راج نے شرکت کی۔ مظاہرین نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار سے فوری طور پر استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا۔
احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے دھرو راٹھی نے کہا کہ وہ یہاں کسی حکومت کو تبدیل کرنے نہیں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی لڑائی کسی حکومت کو گرانے کے لیے نہیں بلکہ شہریوں کے آئینی حقوق اور ووٹ دینے کے حق کے تحفظ کے لئے ہے۔ انہوں نے موجودہ الیکشن کمیشن کے طریقہ کار میں شفافیت اور جواب دہی کی کمی کا الزام بھی عائد کیا۔
یہ احتجاج کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے بانی ابھیجیت دیپکے کی قیادت میں منعقد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں نوجوانوں، ڈیجیٹل مواد تخلیق کرنے والوں اور سول سوسائٹی سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ دھرو راٹھی نے احتجاج کے دوران ’’ووٹ چور، گدی چھوڑ‘‘ کے نعرے لگائے، جس میں مظاہرین نے بھی ان کا ساتھ دیا۔ ابھیجیت دیپکے کی جانب سے احتجاج کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کئے جانے کے بعد یہ تیزی سے وائرل ہوگئی۔
اداکار پرکاش راج نے ایس آئی آر کے طریقہ کار پر سخت اعتراض کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اس کے نام پر ووٹر فہرستوں سے نام حذف کرنا شہریوں کے وقار پر حملہ ہے۔ انہوں نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار پر غیر جانب داری سے کام کرنے میں ناکام رہنے کا الزام لگاتے ہوئے ان سے فوری استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا۔ پرکاش راج نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ الیکشن کمیشن آزادانہ فیصلے کرنے کے بجائے دباؤ میں کام کررہا ہے۔
کاکروچ جنتا پارٹی اور دیگر سول سوسائٹی تنظیموں کا الزام ہے کہ خصوصی نظرثانی کے عمل کے نتیجے میں اہل ووٹروں کے نام بھی فہرستوں سے حذف ہورہے ہیں۔ احتجاجی قائدین نے اعلان کیا کہ جمہوریت اور ووٹر کے حقوق کے تحفظ کے لیے ان کی تحریک کو مزید شدت دی جائے گی۔



