سابق وزیر پی اجئے کمار کی سالگرہ تقریب

کھمم میں بی آر ایس کا طاقتور مظاہرہ — کانگریس حکومت پر سخت تنقید، عوامی مسائل پر تشویش کا اظہار
کھمم کے ممتا میڈیکل کالج گراؤنڈ میں بی آر ایس پارٹی کی جانب سے منعقدہ آتما سمیلن اور جلسہ عام کے موقع پر کانگریس حکومت کی پالیسیوں پر شدید تنقید کی گئی۔ یہ جلسہ سابق وزیر اور رکن اسمبلی پی اجے کمار کے 60 ویں یوم پیدائش کے موقع پر منعقد ہوا، جس میں بڑی تعداد میں کارکنان اور عوام نے شرکت کی۔
جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر پی اجے کمار نے کہا کہ کانگریس حکومت کی مبینہ غیر مؤثر پالیسیوں کے باعث تلنگانہ کی عوام بالخصوص کسان، دلت، ایس سی، ایس ٹی اور اقلیتی طبقات شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس نے عوام سے کئے گئے وعدے ڈھائی سال گزرنے کے باوجود پورے نہیں کئے۔
انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے دس سالہ دور حکومت میں متحدہ کھمم ضلع نے ہر شعبے میں ترقی کی، تاہم موجودہ حکومت کے دور میں عوامی مسائل جوں کے توں برقرار ہیں۔ اجے کمار نے یہ بھی کہا کہ اقلیتی ووٹوں کے ذریعے اقتدار میں آنے کے بعد کانگریس نے ان طبقات کو نظر انداز کیا ہے۔
مہمانِ خصوصی ٹی ہریش راؤ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کانگریس حکومت نے کسانوں کیلئے چلنے والی اہم اسکیمیں، جیسے ریتو بندھو اور ریتو بھروسہ، مؤثر طریقے سے نافذ نہیں کیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس نے انتخابی وعدوں کے باوجود عوام کو مایوس کیا ہے۔
ہریش راؤ نے کھمم کے وزراء پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل حل نہیں ہو رہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ انتخابات میں متحدہ کھمم ضلع کی تمام اسمبلی نشستوں پر بی آر ایس شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔
جلسے میں سابق رکن پارلیمنٹ ناما ناگیشور راؤ، ایم ایل سی تاتا مدھو اور راجیہ سبھا رکن وی دی راجو روی چندرا نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر اقلیتی قائدین کی جانب سے پی اجے کمار کو سالگرہ کے موقع پر شال پوشی اور گل پوشی کی گئی۔
جلسے میں عوام کی بڑی تعداد کی شرکت نے سیاسی طاقت کا مظاہرہ کیا، جبکہ پی اجے کمار نے تمام کارکنان اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔




