تلنگانہ

میوا و ٹی ایس پی ٹی اے کی جانب سے ضلع مہتمم تعلیمات کو بھوک ہڑتال کی نوٹس پیش 

میوا و ٹی ایس پی ٹی اے کی جانب سے ضلع مہتمم تعلیمات کو بھوک ہڑتال کی نوٹس پیش 

اندرون ایک ہفتہ جی پی ایس اردو پنجہ شاہ کی سرکاری طور پر دوبارہ بحالی، سابق ایم ای او کو معطل کرنے کا مطالبہ 

 

نرمل، 21 اپریل (ایم۔اے۔وحید): ضلع نرمل مستقر پر واقع گورنمنٹ پرائمری اسکول اردو پنجہ شاہ کو جان بوجھ کر بند کرنے پر ٹی ایس پی ٹی اے اور میوا تنظیموں نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سابق ایم ای او نرمل اربن کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اس سلسلے میں منگل کے دن ضلع مہتمم تعلیمات کو غیر معینہ بھوک ہڑتال کی نوٹس پیش کی گئی۔

 

تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ پرائمری اسکول اردو میڈیم پنجہ شاہ میں تقریباً 20 طلبہ زیر تعلیم تھے، تاہم سابق ایم ای او نرمل اربن نے متعصبانہ اور من مانی طور پر اچانک بند کر دیا اور طلبہ کو ڈراپ آؤٹ ظاہر کئے جانے پر اساتذہ تنظیموں نے شدید ناراضگی ظاہر کی۔ تنظیموں کے قائدین نے کہا کہ تعلیمی سال کے اختتام کے قریب ہونے کے باوجود اسکول کو سرکاری طور پر دوبارہ بحال نہ کرنا حکام کی غیر ذمہ داری کا واضح ثبوت ہے۔

 

اس موقع پر تنظیم کے ضلعی صدر شیخ شبیر علی اور جنرل سیکریٹری ڈاکٹر ساجد معراج نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ کرنے والے ایسے عہدیدار تعلیمی نظام کے لئے ناسور کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کے خلاف فوری کارروائی ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مسئلہ پر پہلے بھی ضلع مہتم تعلیمات اور ورنگل آر جے ڈی کو کئی مرتبہ شکایات پیش کی گئیں، مگر کسی قسم کی سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا گیا۔

 

قائدین نے بتایا کہ مطالبات کی عدم یکسوئی کے ضمن میں ضلع مہتمم تعلیمات کو غیر معینہ بھوک ہڑتال کی نوٹس دی گئی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ اندرون ایک ہفتہ اسکول کو دوبارہ سرکاری طور پر بحال کیا جائے اور ذمہ دار سابق منڈل ایجوکیشن آفیسر ،نرمل اربن کو فوری طور پر معطل کیا جائے، بصورت دیگر مقامی آر ڈی او دفتر کے روبرو غیر معینہ بھوک ہڑتال شروع کی جائے گی۔

 

اس موقع پر تنظیم کے قائدین پروین کمار، مقصود احمد، محمد آصف، شیخ فاضل، محمد عبدالعلیم، ماجد محی الدین، سید مظہر حسین، محمد عادل سمیت دیگر افراد موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button