نیشنل

مہاراشٹر میں پکنک کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں ، سمندر میں ڈوب کر 8 طلبہ ہلاک

ممبئی: مہاراشٹر میں ایک دلخراش حادثہ پیش آیا جہاں پکنک کے لئے بیچ پہنچنے والے 8 طلبہ سمندر میں ڈوب گئے۔ حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے تلاش شروع کرتے ہوئے تمام 8 طلبہ کی نعشیں برآمد کرلیں۔ یہ حادثہ جمعرات کی شام رائے گڑھ ضلع کے دیوے گر بیچ پر پیش آیا۔

 

اطلاعات کے مطابق پونے ضلع کے آلانڈی میں واقع ایک خانگی کوچنگ سنٹر سے 11ویں اور 12ویں جماعت کے طلبہ پکنک کے لیے رائے گڑھ کے شری وردھن تعلقہ میں واقع دیوے گر بیچ پہنچے تھے۔ گروپ میں مجموعی طور پر 48 افراد شامل تھے، جن میں 25 لڑکے، 17 لڑکیاں اور 6 اساتذہ تھے۔

 

بیچ پہنچنے کے بعد بعض طلبہ سمندر میں کھیلنے کے لئے پانی میں اتر گئے۔ اسی دوران وہ سمندر کی گہرائی اور لہروں کا اندازہ نہ لگا سکے اور پانی میں بہہ گئے۔ 8 طلبہ کے ڈوبنے کی اطلاع ملتے ہی اساتذہ اور دیگر طلبہ نے مقامی افراد اور ریسکیو ٹیموں کو اطلاع دی۔

 

مہاکالی واٹر اسپورٹس کے ملازمین، سیاحوں اور مقامی افراد نے ریسکیو ٹیموں کے ساتھ مل کر سمندر میں لاپتہ طلبہ کی تلاش شروع کی۔ تلاش کے دوران تمام 8 طلبہ کی نعشیں برآمد کرلی گئیں مرنے والے طلبہ کی شناخت راج ویر واہلے، سوہم بھانڈولکر، کوستبھ ڈونڈ، یش وانکھیڑے، کیولیہ واسنکر، تنمے واہلے، سمت اہیرے اور پرنَو بنسودے کے طور پر ہوئی ہے۔

 

تمام نعشوں کو بورلی پنچ تن پرائمری ہیلتھ سنٹر منتقل کیا گیا۔ حکام کے مطابق سمندر سے متعلق مناسب معلومات نہ ہونے اور پانی کی گہرائی و لہروں کا اندازہ نہ لگا پانے کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ مہاراشٹر کے وزیر نتیش رانے نے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button