تلنگانہ

تلنگانہ کابینہ کے بڑے فیصلے: ملازمین کو دو ڈی اے، 5,800 میگاواٹ برقی خریداری اور ڈیجیٹل میڈیا ایڈورٹائزمنٹ پالیسی کو منظوری

تلنگانہ حکومت نے سرکاری ملازمین اور پنشنرس کو بڑی کو خوشخری دی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی صدارت میں منعقدہ کابینہ اجلاس میں 2024 سے زیر التوا ڈیئرنس الاؤنس (DA) میں سے دو ڈی اے جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔

 

وزیر پی سرینواس ریڈی کے مطابق ڈی اے کی ادائیگی سے ریاستی حکومت پر تقریباً 2,500 کروڑ روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑے گا۔

 

کابینہ اجلاس کے بعد وزراء پی سرینواس ریڈی، پونم پربھاکر اور اڈلوری لکشمن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کابینہ کے فیصلوں کی تفصیلات بیان کیں۔ انھوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں برقی کی کھپت ملک کی دیگر ریاستوں کے مقابلے میں غیر معمولی طور پر بڑھ گئی ہے۔

 

صرف گزشتہ روز 19,892 میگاواٹ برقی استعمال ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز کے ساتھ ہی مانسون کا اختتام ہوگیا ہے، جبکہ ریاست میں اوسطاً 17 فیصد کم بارش ریکارڈ کی گئی۔ تقریباً 235 منڈلوں میں شدید بارش کی کمی کے باعث خشک سالی جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ال نینو کے حالات پر کابینہ ایک ہنگامی رپورٹ تیار کر رہی ہے۔ کابینہ کی ذیلی کمیٹی کی رپورٹ تیار ہونے کے بعد جلد کابینہ کا اجلاس طلب کیا جائے گا۔ ال نینو کی صورتحال پر جلد آل پارٹی اجلاس بھی منعقد کیا جائے گا۔وزیر نے بتایا کہ مرکزی حکومت کے قواعد کے مطابق 5,800 میگاواٹ برقی کی خریداری کے لیے ٹینڈرز طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے

 

۔کابینہ نے تلنگانہ ڈیجیٹل میڈیا ایڈورٹائزمنٹ پالیسی کو بھی منظوری دے دی ہے۔ وزیر سرینواس ریڈی نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں کوہیڈا فروٹ مارکیٹ کے لیے 650 کروڑ روپے جاری کرنے کی کابینہ نے منظوری دی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button