نیشنل
امداد مانگنے پہنچیں مسلم خواتین، ’جے شری رام‘ کا نعرہ لگانے پر اصرار – بی جے پی رکن اسمبلی کی حرکت سے خواتین اشکبار

مغربی بنگال کے بانکورہ علاقے سے تعلق رکھنے والی بڑی تعداد میں مسلم خواتین جمعہ (2 اکتوبر) کی دوپہر مقامی بی جے پی رکن اسمبلی نیلادری شیکھر دانا سے ملاقات کے لیے پہنچیں، جہاں انہیں مبینہ طور پر سخت بے عزتی کا سامنا کرنا پڑا۔ خواتین نے مالی مشکلات سے دوچار خاندانوں کے لیے شروع کی گئی اناپورنا یوجنا کے تحت امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
مسلم خواتین کے مطابق، امداد دینے کے بجائے رکن اسمبلی نے ان سے ’جے شری رام‘ کا نعرہ لگانے پر اصرار کیا۔ خواتین کا الزام ہے کہ رکن اسمبلی نے کہا کہ اناپورنا یوجنا کی امداد پہلے ہندو خواتین کو دی جائے گی اور اس کے بعد مسلم خاندانوں کو فراہم کی جائے گی۔
بی جے پی رکن اسمبلی کی اس حرکت سے دلبرداشتہ ایک خاتون نے کہا کہ ’’رکن اسمبلی کی باتوں سے ہمیں اتنی تکلیف ہوئی کہ گھر واپس آنے کے بعد کھانا بھی نہیں کھا سکے۔‘‘




