کریم نگر میں انڈیا اتحاد کی ریالی، سی ای سی گیانیش کمار کے استعفی کا مطالبہ

کریم نگر: چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کے مطالبے کو لے کر انڈیا اتحاد کی جانب سے کریم نگر میں احتجاجی ریالی نکالی گئی۔ ریالی کی قیادت ضلع کانگریس صدر و رکن اسمبلی میدی پلی ستیم نے کی۔ اس موقع پر قائدین اور کارکنوں نے انتخابی عمل میں شفافیت اور ووٹروں کے حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے بلند کئے۔
ریالی کے بعد انڈیا اتحاد کے قائدین نے ضلع کلکٹر سے ملاقات کرتے ہوئے ایک یادداشت پیش کی۔ یادداشت میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے اور ان کے استعفے کا مطالبہ کیا گیا۔
اس موقع پر مقررین نے انتخابی فہرستوں کی خصوصی نظرثانی (SIR) کے دوران ووٹر لسٹ سے نام حذف کئے جانے اور انتخابی عمل سے متعلق مختلف امور پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اہل ووٹروں کے نام انتخابی فہرستوں سے حذف نہ ہوں اور پورے عمل میں شفافیت برقرار رکھی جائے۔
احتجاجی پروگرام میں ضلع کانگریس اقلیتی شعبہ کے چیئرمین محمد تاج الدین کے علاوہ کانگریس اور انڈیا اتحاد کے مختلف قائدین و کارکنان نے شرکت کی۔ قائدین نے کہا کہ انتخابی عمل پر عوام کا اعتماد برقرار رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ انتخابی ادارے کے فیصلوں اور کارروائیوں میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔



