نیشنل

عمرہ کے دوران ٹی وی9 بھارت ورش کی صحافی رِشا حسین مبینہ طور پر سعودی عرب میں زیرِ حراست – افراد خاندان سے رابطہ منقطع

نئی دہلی – 2, اکتوبر ( اردو لیکس ڈیسک) ٹی وی9 بھارت ورش سے وابستہ ہندوستانی صحافی رِشا حسین عمرہ کی ادائیگی کے دوران سعودی عرب میں مبینہ طور پر حراست میں لی گئی ہیں۔ ان کے افراد خاندان کا کہنا ہے کہ 30 ستمبر،  چہارشنبہ سے ان سے رابطہ نہیں ہو سکا ہے۔  رپورٹس میں سعودی حکام کی جانب سے حراست کی سرکاری طور پر تصدیق یا اس کی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی ہے۔

 

راجستھان کے جے پور سے تعلق رکھنے والی رِشا حسین 28 ستمبر کی صبح نئی دہلی سے سعودی عرب روانہ ہوئی تھیں۔ ان کی بہن کائنات جعفری کے مطابق رِشا عمرہ مکمل کرچکی تھیں اور مدینہ منورہ جانے والی تھیں۔

 

رپورٹس کے مطابق 30 ستمبر کو بھارتی وقت کے مطابق شام تقریباً 6 سے 7 بجے رِشا نے ایک دوست سے آخری مرتبہ رابطہ کیا اور بتایا کہ انہیں حراست میں لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے دوست سے افراد خاندان کو اطلاع دینے کی درخواست بھی کی۔ اس کے بعد سے خاندان ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم ان کے مقام اور حراست کی وجہ واضح نہیں ہوسکی ہے۔

 

رِشا حسین نے عمرہ کے دوران مکہ مکرمہ سے اپنی تصاویر اور ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں۔ ان پوسٹس میں انہیں مسجد الحرام میں طواف کرتے ہوئے اور کعبۃ اللہ کے قریب دیکھا جاسکتا ہے۔ ایک اور تصویر میں وہ عبایا اور حجاب میں مسجد الحرام کے اندر نظر آرہی ہیں۔

 

رِشا حسین صحافی اور نیوز اینکر ہیں اور ان کے پیشہ ورانہ پروفائل کے مطابق وہ زی نیوز، این ڈی ٹی وی اور فرسٹ انڈیا نیوز سمیت مختلف اداروں میں کام کرچکی ہیں۔ فی الحال وہ ٹی وی9 بھارت ورش سے وابستہ ہیں۔ فرسٹ انڈیا نیوز کے دوران انہوں نے نیوز ریڈنگ کے علاوہ خبر نویسی، کاپی ایڈیٹنگ، تحقیق اور نیوز پروگراموں کی کوآرڈینیشن کی ذمہ داریاں بھی انجام دی تھیں۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button