دہلی میں ’’چلو پارلیمنٹ‘‘ مارچ پر نوجوانوں کا ہنگامہ، پولیس کا لاٹھی چارج؛ 5 میٹرو اسٹیشن بند ؛ انٹرنیٹ سروِس معطل

دہلی میں کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے ’’چلو پارلیمنٹ‘‘ مارچ کے دوران جنتر منتر پر زبردست ہنگامہ برپا ہوگیا۔ پارٹی اور اس کے حامی مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ اور تعلیمی نظام میں اصلاحات کا مطالبہ کرتے ہوئے پارلیمنٹ کی جانب مارچ کیلئے جمع ہوئے تھے۔
پولیس نے سی جے پی کو مارچ کی اجازت نہیں دی تھی اور بڑے پیمانے پر لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی عائد کی تھی۔ اس کے باوجود مظاہرین کی بھیڑ بڑھتی گئی، جس کے بعد مظاہرین اور دہلی پولیس کے درمیان جھڑپ ہوگئی۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا۔
دہلی پولیس نے کہا تھا کہ جنتر منتر کے علاوہ کسی بھی مقام پر پانچ یا اس سے زیادہ افراد کے جمع ہونے، احتجاجی ریلی اور مظاہرے پر پابندی ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی وارننگ بھی دی گئی تھی۔
دوسری جانب سی جے پی کے مارچ کے پیش نظر سکیورٹی خدشات کے باعث دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) نے دارالحکومت کے پانچ میٹرو اسٹیشن بند کردیئے۔ اور انٹرنیٹ سروِس معطل کردی گئی اس کے باعث سینکڑوں مسافر پریشان ہوئے اور انہیں طویل راستے اختیار کرنے پڑے۔ راجیو چوک میٹرو اسٹیشن پر بند دروازوں کے قریب مسافروں کی بھیڑ دیکھی گئی،
جبکہ پٹیل چوک اسٹیشن پر سکیورٹی اہلکاروں نے جنتر منتر جانے والے افراد کو منتشر کرنے کیلئے ہلکی طاقت کا استعمال کیا۔



