گجرات کے کنویں میں پراسرار لہریں – کنویں کو دیکھنے عوام کا ہجوم ؛ زلزلے کے خوف سے مقامی دیہاتی پریشان
گجرات کے موربی ضلع کے ویرپارتھ گاؤں میں ایک عجیب و غریب واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں گزشتہ پانچ دن سے ایک کنویں کا پانی اچانک بڑی لہروں کی طرح اچھل رہا ہے اور باہر بہہ رہا ہے۔ اس منظر کو دیکھنے کے لیے آس پاس کے گاؤں سے بھی لوگ پہنچ رہے ہیں۔
کھیت کے مالک پران جیون سادریا نے بتایا کہ یہ کنواں تقریباً تین ماہ قبل کھودا گیا تھا اور 2 اگست کو پہلی مرتبہ انہوں نے کنویں کے پانی میں اس طرح کی حرکت دیکھی۔ پانی کے اس طرح اچھلنے سے ابتدا میں دیہاتیوں میں زلزلے کا خوف پھیل گیا۔
ضلع کے ماہرِ ارضیات جے ایس وادھیر نے بتایا کہ گاندھی نگر کے زلزلہ تحقیقاتی ادارے نے واضح کیا ہے کہ علاقے میں زلزلے کے کوئی آثار نہیں ہیں۔ ان کے مطابق کنویں کے اندر موجود چٹانوں کی دراڑوں سے ہوا باہر نکلنے کے باعث پانی پر دباؤ بڑھ رہا ہے، جس سے لہریں پیدا ہونے کا امکان ہے۔
موربی کے ضلع کلکٹر سواپنل نے کہا کہ واقعے کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے ماہرینِ ارضیات کی ٹیم تحقیقات کر رہی ہے۔



