برتھ ڈے پارٹی کے بہانے لڑکی کو فلیٹ میں بلا کر گینگ ریپ

نئی دہلی: کولکتہ میں ایک شرمناک واقعہ پیش آیا جہاں "برتھ ڈے پارٹی” کے بہانے ایک 20 سالہ لڑکی کو اس کے دوستوں نے فلیٹ میں بلا کر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے بتایا کہ متاثرہ لڑکی کی چند ماہ قبل ہری دیوپور
علاقے کے رہنے والے چندن ملک سے جان پہچان ہوئی تھی۔ چندن نے خود کو کولکتہ کی ایک بڑی درگا پوجا کمیٹی کا صدر بتاتے ہوئے لڑکی کو یقین دلایا کہ اسے بھی کمیٹی میں رکن بنایا جائے گا۔ اسی دوران اس نے لڑکی کی ملاقات
اپنے دوست دیپ سے بھی کروائی جو سرکاری ملازم ہے۔ یہ جان پہچان رفتہ رفتہ دوستی میں بدل گئی۔پولیس کے مطابق جمعہ کو متاثرہ لڑکی کی سالگرہ تھی۔ اس موقع پر چندن ملک نے اسے برتھ ڈے پارٹی کے بہانے دیپ کے فلیٹ
پر بلایا۔ وہاں کھانے پینے کے بعد جب لڑکی گھر واپس جانے لگی تو دونوں نے زبردستی اسے روک کر اجتماعی زیادتی کا ارتکاب کیا۔متاثرہ لڑکی نے بتایا کہ وہ ہفتہ کی صبح کسی طرح ان کے چنگل سے نکل کر اپنے گھر پہنچی اور ارکان
خاندان کو واقعہ کی اطلاع دی۔ بعد ازاں خاندان نے فوری طور پر پولیس سے رجوع کیا۔ شکایت درج ہونے کے بعد یہ معاملہ منظر عام پر آیا۔
پولیس نے دونوں ملزمین کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ حکام کے مطابق دونوں ملزمان فی الحال فرار ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے کوشش کی جارہی ہے۔