تلنگانہ

ریاست بھر میں ایس آئی آر سے متعلق عوامی بیداری مہم چلانے اے پی سی آر تلنگانہ کا اعلان

ریاست بھر میں ایس آئی آر سے متعلق عوامی بیداری مہم چلانے اے پی سی آر تلنگانہ کا اعلان

پروجیکٹ آفیسر جی ایچ ایم سی جناب محمد ندیم الدین نے ایس آئی آر پر پاور پوائنٹ پریزنٹیشن پیش کیا

سکریٹری اے پی سی آر تلنگانہ ڈاکٹر شیخ محمد عثمان اور ناظمِ شہر جماعت اسلامی ہند، عظیم تر حیدرآباد ڈاکٹر محمد مبشر احمد کا اظہار خیال

 

ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (APCR) تلنگانہ کے زیرِ اہتمام ایس آئی آر۔ Special Intensive Revision 2026 کے موضوع پر آگاہی و تازہ ترین اپڈیٹ اجلاس مدینہ ایجوکیشن سنٹر، نامپلی، حیدرآباد پر منعقد ہوا۔ اجلاس میں سماجی کارکنان، ملی و سماجی تنظیموں کے ذمہ داران، سیاسی و مذہبی شخصیات، این جی اوز کے نمائندے، مساجد کے صدور اور عوامی مسائل سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔اجلاس کا آغاز اے پی سی آر تلنگانہ کے سکریٹری ڈاکٹرشیخ محمد عثمان کے افتتاحی و تعارفی کلمات سے ہوا۔

 

انہوں نے شرکائ کو بتایا کہ ایس آئی آر 2026 کے حوالے سے عوام میں پائے جانے والے سوالات، خدشات اور غلط فہمیوں کو دور کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے پی سی آر عوامی مفاد کے پیش نظر نہ صرف صحیح معلومات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے بلکہ ہر ممکن قانونی اور تکنیکی رہنمائی فراہم کرنے کے لیے بھی سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے

 

۔اس موقع پر جی ایچ ایم سی کے پروجیکٹ آفیسر جناب محمد ندیم الدین نے ایک تفصیلی پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے ایس آئی آر 2026 سے متعلق تازہ ترین معلومات، سرکاری رہنما خطوط اور عملی طریقہ کار سے شرکائ کو آگاہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جن افراد کی Pre Mapping -SIR مکمل ہوچکی ہے، ان کے لیے بھی Enumeration Formجمع کروانا لازمی ہے۔ اگر فارم مقررہ طریقے سے جمع نہ کیا گیا تو متعلقہ ووٹر کا نام انتخابی فہرست سے خارج ہونے کا امکان پیدا ہوسکتا ہے۔انہوں نے مزید وضاحت کی کہ فارم پُر کرتے وقت 2002 کے حوالے سے فراہم کی جانے والی معلومات بالکل اسی انداز میں درج کی جائیں جیسا کہ 2002 کی انتخابی فہرست میں موجود ہیں۔

 

نام، والد کے نام یا دیگر تفصیلات میں غیر ضروری تبدیلیاں نہ کی جائیں کیونکہ کمپیوٹرائزڈ جانچ کا نظام سابقہ ریکارڈ سے مطابقت کی بنیاد پر کام کرتا ہے۔ معمولی املا کی غلطیوں کو قابلِ قبول قرار دیا جاسکتا ہے، تاہم کسی بڑی غلطی یا تبدیلی کی صورت میں Form-8داخل کرنا ضروری ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اگر کسی ووٹر کو نوٹس موصول ہو تو اسے اپنے دعوے کی تائید میں متعلقہ دستاویزات پیش کرنا ہوں گی۔اجلاس سے ناظمِ شہر جماعت اسلامی ہند، عظیم تر حیدرآباد ڈاکٹر محمد مبشر احمد نے بھی خطاب کیا

 

۔ انہوں نے شہر حیدرآباد میں جاری ایس آئی آر بیداری مہم، عوامی رہنمائی کے مختلف اقدامات اور متعدد تنظیموں کی جانب سے کئے جا رہے مشترکہ کاموں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ صرف ایک حق نہیں بلکہ ایک اہم جمہوری ذمہ داری بھی ہے، اس لیے ہر شہری کو اپنے ووٹ کے تحفظ کے لیے سنجیدگی کے ساتھ ضروری اقدامات کرنے چاہئیں۔ ڈاکٹرشیخ محمد عثمان نے اعلان کیا کہ اے پی سی آر تلنگانہ کی جانب سے ایس آئی آر اور انتخابی فہرستوں سے متعلق رہنمائی، شکایات کے اندراج اور عوامی مدد کے لیے خصوصی ہیلپ لائن خدمات جلد فعال کی جائیں گی تاکہ عوام کو بروقت اور درست رہنمائی فراہم کی جاسکے

 

۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اگر کسی شخص کو ایس آئی آر یا ووٹر رجسٹریشن سے متعلق قانونی مسائل کا سامنا ہو تو اے پی سی آر کی قانونی ٹیم ہر ممکن قانونی معاونت فراہم کرے گی۔شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ صورتحال میں تمام دینی، سماجی، تعلیمی اور غیر سرکاری تنظیموں کے درمیان بہتر رابطہ اور اشتراکِ عمل ناگزیر ہے۔ اسی تناظر میں بہت جلد ایک ریاستی کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ذمہ دار افراد کو شامل کیا جائے گا۔ یہ کمیٹی مختلف سرگرمیوں کی منصوبہ بندی، عوامی رہنمائی، رضاکاروں کی تنظیم سازی اور مستقبل میں پیش آنے والے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی مرتب کرے گی۔

 

اجلاس میں اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ اے پی سی آر تلنگانہ عوامی حقوق کے تحفظ، انتخابی شعور کی بیداری، قانونی معاونت کی فراہمی اور جمہوری عمل میں عوام کی موثر شرکت کو یقینی بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ شرکائ نے بھی اس مہم میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور ریاست بھر میں منظم انداز میں بیداری مہم کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button