حیدراباد کے ایک اسکول میں ہندو طالب علم کو کلمہ یاد کرنے کا ہوم ورک دینے بی جے پی صدر رام چندر راو کا الزام

حیدراباد – تلنگانہ بی جے پی صدر این رام چندر راؤ نے کانگریس حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ تلنگانہ میں کانگریس کے دورِ حکومت میں ’تعلیمی جہاد‘ کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ حیدرآباد کے سعیدآباد میں واقع سکسیس اسکول میں کلاس 2 میں زیر تعلیم ہندو طالب علم کو دیئے گئے ہوم ورک میں کلمہ اور سورۃ الفاتحہ یاد کرنے کو کہا گیا ۔این رام چندر راؤ نے کہا کہ یہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی خوشامد کی سیاست اور ’’کانگریس مسلمانوں کی ہے اور مسلمان کانگریس کے ہیں‘‘ جیسے بیانات کا نتیجہ ہے، جس سے ایسے عناصر کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔
انہوں نے بچے کی ماں کی ہمت کو سلام پیش کیا، جنہوں نے کلاس 2 کے بچوں کو کلمہ لکھنے پر مجبور کئے جانے کا علم ہونے کے بعد اسکول کے خلاف آواز اٹھائی۔بی جے پی صدر نے کہا کہ اتنے سنگین واقعہ کے باوجود اسکول انتظامیہ کے خلاف اب تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی
۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس حکومت ہندو طلبہ اور ان کے خاندانوں کے مسائل پر آنکھیں بند کئے ہوئے ہے۔این رام چندر راؤ نے واقعہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے ذمہ دار تمام افراد کے خلاف فوری اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کے ساتھ سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔




