ڈان اسکول کو ایشیا پیسیفک روبوٹکس مقابلوں میں چھٹواں مقام

ڈان ہائی اسکول حیدرآباد کی ہاکس ٹیم نے ورلڈ روبوٹک اولمپیاڈ کی ایشیا پیسیفک اوپن چمپئن شپ میں چھٹواں مقام حاصل کیا۔ اس راونڈ میں 25 ممالک کے طلبہ نے شرکت کی۔
25 تا 27 ستمبر حیدرآباد کے جی ایم آر ارینا میں منعقدہ چمپئن شپ میں ڈان ہائی اسکول کی ہاکس ٹیم نے گزشتہ 3 برسوں کی طرح متاثر کن مظاہرہ کیا۔ اس سال انہیں بین الاقوامی مقابلہ میں ہندوستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہوا اور انہوں نے ملائیشیا‘ ویتنام‘ ازبکستان‘ جاپان‘ ایران‘ میانمار‘ اٹلی‘ کینیا اور بنگلہ دیش جیسی ٹیموں سے مقابلہ کرتے ہوئے چھٹویں پوزیشن حاصل کی۔
ہاکس ٹیم میں نویں اور دسویں جماعت کے طلبہ محمد ریان‘ محمد اکمام اور محمد فیضان شامل تھے۔ سید عظیم الدین ان کے کوچ‘ حذیفہ مینٹور اور فراز محی الدین ٹیم منیجر تھے۔ ہاکس ٹیم نے روبو مشن کیٹگری میں حصہ لیا جس میں طلبہ کو روبوٹ بنانے کیلئے پروگرام کوڈ کرنا اور میکانزم تیار کرنا ہوتا ہے۔
ڈان اسکول کی ہاکس ٹیم کے اس مظاہرہ پر چیرمین ڈان گروپ آف انسٹی ٹیوشنس فضل الرحمن خرم‘ ڈائرکٹر وصی الرحمن اور دیگر اساتذہ نے مبارکباد دی۔ ڈان اسکول میں روبوٹکس کی تعلیم کو کافی اہمیت دی جاتی ہے جو موجودہ دور کی ایک اہم ضرورت ہے۔
اس اولمپیاڈ میں دنیا کے مختلف ممالک اور تہذیبوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے حصہ لیا جو ایک انوکھا تجربہ رہا۔ ٹیم کے ارکان نے اس موقع کی فراہمی کیلئے اسکول انتظامیہ اور منتظمین سے اظہار تشکر کیا۔ ڈان اسکول میں طلبہ کیلئے روبوٹکس کی خصوصی تعلیم دی جارہی ہے اور اب ہفتہ اور اتوار کو تربیت کا ایک خصوصی منصوبہ بنایا گیا ہے۔
دلچسپی رکھنے والے والدین ذمہ داروں سے ربط پیدا کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں۔



