نمس ہاسپٹل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کے پاس 80 کروڑ روپے سے زائد کے اثاثے – اے سی بی کے دھاوے
حیدرآباد: حیدرآباد کے نمس ہاسپٹل کے ڈاکٹر اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نوری لکشمی بھاسکر کے پاس مبینہ طور پر بھاری اثاثوں کا انکشاف ہوا ہے۔ اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) کے حکام نے لکشمی بھاسکر کی رہائش گاہ سمیت 8 مقامات پر بیک وقت دھاوے کرتے ہوئے تقریباً 80 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے منقولہ و غیر منقولہ اثاثوں کا پتہ چلانے کا دعویٰ کیا ہے۔
اے سی بی کے مطابق کوکٹ پلی میں دو پرتعیش فلیٹس، منی کونڈہ، پیٹ بشیرآباد اور کوکٹ پلی کے پانچ اپارٹمنٹس میں فلیٹس، یادادری، نندی گاما اور شامیرپیٹ علاقوں میں چار کھلے پلاٹس کے علاوہ وشاکھاپٹنم میں 800 گز اراضی کا بھی پتہ چلا ہے۔
اس کے علاوہ بینک کھاتوں میں 41 لاکھ روپے، پوسٹ آفس کھاتوں میں 12 لاکھ روپے کی جمع رقم، ایک خانگی ادارے میں 35 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری، 517 گرام سونا، تین کاریں اور چار موٹر سائیکلیں بھی برآمد ہونے کی اطلاع ہے۔ اے سی بی حکام کے مطابق کھلی مارکیٹ میں ان تمام اثاثوں کی مجموعی مالیت 80 کروڑ روپے سے زائد بتائی جارہی ہے۔
دھاووں کے بعد اے سی بی حکام نے ڈاکٹر لکشمی بھاسکر کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا۔ ڈاکٹر لکشمی بھاسکر گزشتہ تقریباً 20 سال سے نمس میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور گزشتہ پانچ برس سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کی ذمہ داری سنبھال رہے ہیں۔ حکام کے مطابق ماضی میں بھی ان کے خلاف متعدد الزامات سامنے آچکے ہیں۔



