تلنگانہ

حیدرآباد کے کئی علاقوں میں گرج و چمک کے ساتھ طوفانی بارش

حیدرآباد: شہر حیدرآباد میں جمعہ کی شام موسم نے اچانک کروٹ لی اور گرج چمک کے ساتھ تیز بارش نے شہریوں کو مشکلات سے دوچار کردیا۔ صبح سے مطلع ابر آلود تھا، تاہم شام ہوتے ہی مختلف علاقوں میں بارش شروع ہوگئی۔ حیدرآباد، سکندرآباد اور پرانے شہر کے کئی علاقوں میں بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا اور ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہوئی۔

 

منی کونڈہ، رائے درگم، شیخ پیٹ، ترک یمجل، منے گوڑہ، کاپرا، کیسرہ، ناگارم، ٹولی چوکی، کاروان، راجندر نگر، مہدی پٹنم، یوسف گوڑہ، جوبلی ہلز، بنجارہ ہلز، خیرت آباد، نامپلی، اپل، ایل بی نگر اور عبداللہ پور میٹ میں بھی بارش ہوئی۔ اچانک بارش کے باعث دفاتر سے گھروں کو روانہ ہونے والے ملازمین اور دیگر گاڑی سواروں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ بعض مقامات پر ٹریفک کی رفتار انتہائی سست ہوگئی۔

 

صورتحال کے پیش نظر پولیس نے شہر کی آئی ٹی کمپنیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ملازمین کو ضرورت کے مطابق معمول سے پہلے دفتر سے روانہ ہونے کی اجازت دیں تاکہ بارش اور ٹریفک کی مشکلات سے بچا جاسکے۔

 

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دن تک تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں ہلکی سے درمیانی بارش کی پیش قیاسی کی ہے، جبکہ شمالی اور شمال مشرقی تلنگانہ کے بعض اضلاع میں کہیں کہیں موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button