ریاستی سطح کے انٹرمیڈیٹ نتائج میں کاماریڈی کے طلبہ کا شاندار کارنامہ

ریاستی سطح کے انٹرمیڈیٹ نتائج میں کاماریڈی کے طلبہ کا شاندار کارنامہ
کاماریڈی، 13 اگست (سیدکوثرعلی)کاماریڈی شہر کے ساندیپنی کالج کے طلبہ نے انٹرمیڈیٹ بائی پی سی میں ریاستی سطح پر شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے ضلع کاماریڈی کا نام روشن کیا
۔ اس موقع پر حیدرآباد کے بنجارہ کومرم بھیم بھون میں ریاستی سطح پر نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو وزیراعلیٰ تلنگانہ انو مولا ریونت ریڈی اور حکومتی مشیر محمد علی شبیر کے ہاتھوں تہنیت پیش کی گئی۔انٹرمیڈیٹ بائی پی سی فرسٹ ایئر میں ساندیپنی کالج کی طالبہ ایمن مسیرہ نے 440 کے منجملہ 439 نمبرات حاصل کرتے ہوئے ریاست بھر میں پہلا رینک حاصل کیا۔ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی اور محمد علی شبیر نے ایمن مسیرہ کو مبارکباد پیش کی۔اسی طرح بائی پی سی سیکنڈ ایئر میں اسما زبین نے ریاستی سطح پر دوسرا رینک حاصل کرتے ہوئے نمایاں کامیابی حاصل کی
۔ دونوں طالبات کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے حکومت کی جانب سے انہیں تہنیت پیش کی گئی اور حوصلہ افزائی کے طور پر لیپ ٹاپس بھی فراہم کئے گئے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ ریونت ریڈی اور محمد علی شبیر نے کہا کہ طلبہ کی محنت اور لگن سے ریاستی سطح پر اعلیٰ رینک حاصل کرنا قابلِ ستائش ہے۔ طلبہ کی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی سے مستقبل میں مزید طلبہ کو اعلیٰ اہداف حاصل کرنے کا حوصلہ ملے گا
۔کاماریڈی کے طلبہ کی جانب سے ریاستی سطح پر اول اور دوم رینک حاصل کئے جانے پر ساندیپنی کالج کے انتظامیہ، اساتذہ، طلبہ اور والدین نے مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی طلبہ کی محنت، والدین کی حوصلہ افزائی اور اساتذہ کی رہنمائی کا نتیجہ ہے۔
ریاستی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ایمن مسیرہ اور اسما زبین کو عوامی نمائندوں، ماہرین تعلیم اور کالج انتظامیہ نے مبارکباد دیتے ہوئے مستقبل میں مزید کامیابیاں حاصل کرنے کی نیک خواہشات پیش کیں




