تلنگانہ

فلم’دی پیراڈائز‘ کا جنون – سابق وزیر کے ٹی آر بھی نانی کی فلم دیکھنے پہنچیں گے تھیٹر ؛ باکس آفس پر 114 کروڑ کی دھوم

حیدرآباد: اداکار نانی کی تلگو فلم ’دی پیراڈائز‘ کو ملا جلا ردعمل ملنے کے باوجود یہ فلم باکس آفس پر اچھی کمائی کر رہی ہے۔ خاص طور پر بی اور سی سینٹرس کے ساتھ سنگل اسکرین تھیٹرس میں فلم کے ایکشن اور کہانی کو ماس ناظرین کی جانب سے پسند کیا جا رہا ہے۔

 

اسی دوران بی آر ایس کے کارگزار صدر اور سابق وزیر تارک راما راو نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہفتہ کی رات تھیٹر میں ’دی پیراڈائز‘ دیکھیں گے۔ کے ٹی آر نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ کئی سال بعد وہ آج رات تھیٹر میں فلم دیکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے نانی کو اپنا پسندیدہ اداکار قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ باصلاحیت نوجوان ڈائریکٹر سری کانت اوڈیلا کی ہدایت میں بنی ’دی پیراڈائز‘ دیکھیں گے۔

 

واضح رہے کہ فلم میں اداکار پریہ درشی نے ایم ایل اے شنکر کا کردار ادا کیا ہے، جسے سابق چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ سے مشابہ قرار دیا جا رہا ہے۔ ساواری قبیلے اور شنکر کے کردار کے درمیان پیش آنے والے مناظر کو تھیٹرس میں ناظرین کی جانب سے خاصا پسند کیا جا رہا ہے۔

 

دوسری جانب فلم نے ریلیز کے صرف دو دن میں دنیا بھر میں 114 کروڑ روپے کا گراس کلیکشن کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ یہ نانی کے کیریئر میں اتنی تیزی سے یہ ہندسہ عبور کرنے والی فلم بن گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بک مائی شو اور ڈسٹرکٹ ایپ کے ذریعے اب تک 25 لاکھ سے زائد ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button