ادلوری لکشمن کو وزیر بنانے پر جیون ریڈی نے پارٹی چھوڑ دی : چیف منسٹر ریونت ریڈی کا الزام

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بی آر ایس سربراہ چندرشیکھر راو اور پارٹی تبدیل کرنے والے سینئر لیڈر جیون ریڈی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
پداپلی ضلع کے میڈی گڈہ کے دورے کے بعد نستورپلی میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے جیون ریڈی کی بی آر ایس میں شمولیت پر شدید برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کریم نگر میں ایک دلت (مادگا) لیڈر ادلوری لکشمن کو وزیر بنانے پر جیون ریڈی برداشت نہ کر سکے اور پارٹی چھوڑ دی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس نے جیون ریڈی کو متعدد مواقع فراہم کیے، مگر وہ سازش کے تحت بی آر ایس میں شامل ہو گئے۔
انہوں نے چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ انتخابات میں بی آر ایس کو اپوزیشن کا درجہ بھی حاصل نہیں ہوگا، اور اس کے بعد دیکھا جائے گا کہ جیون ریڈی کس جماعت کا رخ کرتے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کالیشورم پراجیکٹ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک لاکھ کروڑ روپے خرچ کرنے کے باوجود یہ منصوبہ چند ہی مہینوں میں ناکام بن گیا۔
چیف منسٹر نے بی آر ایس پر تلنگانہ کو دس برس تک لوٹنے کا الزام عائد کرتے ہوئے سخت تبصرہ کیا اور کہا کہ ایسے حالات میں کے سی آر کے خلاف سخت کارروائی بھی کم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اب بھی اقتدار میں واپسی کے خواب دیکھ رہے ہیں، لیکن وہ عہد کرتے ہیں کہ اس خاندان کو دوبارہ اقتدار میں آنے نہیں دیا جائے گا۔
ریونت ریڈی نے آئندہ انتخابات کے تعلق سے واضح چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ اب تک ہونے والے تمام انتخابات میں بی آر ایس کو شکست دی گئی ہے اور 2029 میں بھی یہی نتیجہ دہرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ماضی میں وائی ایس اور ڈی ایس نے کانگریس کو اقتدار میں لایا، اسی طرح وہ اور ریاستی کانگریس صدر مہیش کمار گوڑ مل کر پارٹی کو دوبارہ اقتدار میں لائیں گے۔



