جنرل نیوز

قرآن مجید سے جس کا بھی رشتہ منسلک ہوتا ہے وہ تمام چیزوں میں معزز و مکرم ہو جاتا ہے 

مدرسہ سجادیہ عربیہ رانی مئو موئی میں جلسہ دستار بندی سے علماء کا خطاب

دریاباد،بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری)قرآن پاک دنیا کے تمام انسانوں کی ہدایت کے لئے ایک بہترین گائیڈ بک اور رہنما کتاب ہے اس کا پڑھنا و سننا دونوں باعث ثواب ہے وہیں اس کو پڑھنے سے دل کو سکون و اطمینان حاصل ہوتا ہے اس لئے قرآن پاک کی تلاوت کا معمول ہر شخص کو بنانا چاہئے مذکورہ خیالات کا اظہار مقرر خصوصی مولانا عبد السبحان ناخدا ندوی مدنی بھٹکلی استاذ تفسیر و حدیث مدرسہ ضیاء العلوم رائے بریلی نے مدرسہ سجادیہ عربیہ رانی مئو موئی میں جلسہ دستار بندی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ قرآن فصاحت و بلاغت کا آٸینہ دار ہے اس کا ہر ہر لفظ معجزہ ہے یہ وہ عظیم کتاب ہے کہ اس کا رشتہ جس سے بھی منسلک ہوتا ہے وہ تمام چیزوں میں معزز و مکرم ہو جاتا ہے۔

مولانا ندوی نے کہا کہ مسلمان شرک سے اپنے آپ کو محفوظ رکھیں کیونکہ شرک ظلم عظیم ہے اور اللہ تعالی شرک کو معاف نہیں فرماتے آج پوری دنیا کے اندر جو حالات رونما ہو رہے ہیں ان کی بنیادی وجہ اپنے خالق حقیقی سے انسان کا رشتہ ٹوٹ جانا ہے،ضرورت ہے کہ اللہ تعالی کے احکامات اور رسولﷺ کے مبارک طریقوں کو اپنی زندگی کا معمول بنایا،جب تک ہم اپنی زندگی کو آپ کے طریقے کے مطابق نہیں گزاریں گے تب تک ہم فلاح نہیں پاسکتے۔

مفتی راشد حسین ندوی مہتمم مدرسہ ضیاء العلوم رائے بریلی نے کہا کہ قیامت کے دن حافظ قرآن کے والدین کو ایسا تاج پہنایا جائے گا جس کی روشنی سورج کی روشنی سے بھی زیادہ چمکدار ہوگی وہیں حافظ قرآن و انکے والدین کو صمیم قلب سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قرآن ایک عظیم کتاب ہے جس میں تمام مسائل کا حل موجود ہے لہذا مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے مسائل کا حل قرآن میں تلاش کریں اور قرآنی تعلیمات پر عمل کو اپنا نصب العین بنائیں تاکہ دنیا و آخرت میں کامیاب و بامراد ہو سکیں۔

مولانا توحید عالم ندوی امام جامع مسجد کپور تھلہ لکھنؤ نے کہا کہ حافظ قرآن کا مقام و مرتبہ بہت اعلی ہے قرآن کے تیسوں پاروں کو اپنے دل میں سما لینا معمولی بات نہیں ہے بلکہ یہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم کی بات ہے،اللہ تعالٰی جس کے ساتھ فضل کا ارادہ کرتے ہیں اسی کو یہ توفیق عطا فرماتے ہیں کہ وہ اس کلام الہی کو اپنے دل میں محفوظ کر سکیں۔

مولانا نے کہا کہ آج دنیا کی تعلیم کے نام پر ہمارے بچوں سے فطری حیا و اخلاق کو نکالا جارہا ہے یہاں تک کہ بچے خدا اور رسول سے بھی ناآشنا بنتے جا رہے ہیں جو قابل افسوس ہے۔

جلسہ کی سرپرستی حاجی دلشاد حسین نے اور نظامت مولانا توصیف عالم ندوی نے کی۔واضح ہو کہ دستار بندی کا پروگرام بعد نماز عصر شروع ہوا جسمیں طلباء نے تعلیمی پروگرام پیش کئے اور بعد نماز مغرب علماء کرام کا خطاب ہوا بعدہ مدرسہ کے 34 طلباء کی علماء کرام کے بدست دستار بندی کی گئی جسمیں مولانا توصیف عالم ندوی کی 8 سالہ بیٹی شیمہ بتول و 60 برس کے محمد مرتضی بھی شامل ہیں۔

اس موقع پر مہتمم مدرسہ ہذا مفتی صدیق عالم ندوی،مولانا محمد شبیر ندوی،مولانا رفیق احمد قاسمی،مولانا عبد الرحمٰن ندوی،مفتی عبد المتین قاسمی،مولانا فیضان احمد ندوی،مولانا عقیل احمد ندوی،قاری عثمان ندوی،مولانا عامر ندوی،مولانا احرار قاسمی،مولانا سراج فلاحی،مولانا کامل ندوی،مولانا عبید یوسف ندوی،قاری مسیح الرحمن مظاہری،مولانا ہارون قاسمی،محمد عامر ثاقبی،عبد المعبود نوری کے علاوہ قرب و جوار کے کثیر تعداد میں لوگ موجود تھے۔جلسہ کا اختتام مولانا عبد السبحان ندوی مدنی کی دعا پر ہوا۔

 

 

 

 

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button